یوم آزادی پر صوبے میں خودکش حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا، وزیراعلیٰ بلوچستان

منظم انداز میں پاکستان کو توڑنے کی سازش کی جارہی ہے، اس طرح پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ ہماری ایجنسیاں، حکومت اور ہر کوئی پریشان ہے، اس دہشتگردی کو کچھ اور نام دیا جاتا ہے؛ سرفراز بگٹی کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 اگست 2025 12:34

یوم آزادی پر صوبے میں خودکش حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا، وزیراعلیٰ ..
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست 2025ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ 14 اگست کو خودکش حملہ آور ان معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے تھے جو یومِ آزادی منا رہے تھے، سکیورٹی اداروں نے ایک مبینہ خودکش حملہ آور کو گرفتار کرکے یومِ آزادی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیا۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ مجید بریگیڈ کے کسی عہدیدار کو گرفتار کیا گیا، یہ پاکستان اسٹڈیز کا لیکچرار ہے، اندازہ کریں کتنے بچوں کو اس نے ورغلایا ہوگا، یہ شخص دہشت گردوں کا علاج اپنے گھر پر کرواتا تھا، سکیورٹی اداروں، محکمہ انسداد دہشت گردی بلوچستان اور پولیس کو صوبے کو بڑی تباہی سے بچانے پر سراہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے کئی انکشافات کیے ہیں، مجید بریگیڈز کئی ٹیئرز میں کام کرتی ہے، یہ لوگوں کو ورغلا کر انہیں تربیت دیتے ہیں، انہیں خود کش حملہ آور بناتے ہیں، ایک ٹیئر میں پولیس، لیویز، فورسز کے اہلکاروں کو قتل کرنے پر پیسے دیئے جاتے تھے، پنجاب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو بھی ٹارگٹ کرنے پر انہیں پیسے ملتے ہیں، ہم اس کے ساتھیوں تک بھی پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منظم انداز میں پاکستان کو توڑنے کی سازش کی جارہی ہے، اس طرح پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ ہماری ایجنسیاں، حکومت اور ہر کوئی پریشان ہے، اس دہشتگردی کو کچھ اور نام دیا جاتا ہے، ایسے لوگ جن کے رشتہ دار کسی عسکریت پسند تنظیم کا حصہ بنتے ہیں تو ان کے اہل خانہ کسی کو اطلاع نہیں دیتے، حالاں کہ ایسے لوگ تربیت لے کر واپس گھر بھی آتے ہوں گے لیکن اب ایسا نہیں چلے گا، ایسے لوگوں کے اہل خانہ کو حکومت کا اطلاع دینا ہوگی ورنہ یہ سمجھا جائے گا کہ پورا خاندان ملا ہوا ہے، والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں کہ وہ کس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔