Live Updates

ڈاکٹر اعجاز خواجہ کے بعد اقتصادی مشاورتی کونسل کا ایک اور رکن مستعفی

عمران رسول نے اقتصادی مشاورتی کونسل سے استعفیٰ دیا ، ٹویٹر پیغام میں اعلان بھی کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 ستمبر 2018 12:25

ڈاکٹر اعجاز خواجہ کے بعد اقتصادی مشاورتی کونسل کا ایک اور رکن مستعفی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 ستمبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے اقتصادی مشاورتی کونسل سے عاطف میاں کی نامزدگی واپس لینے کےبعد گذشتہ روز ڈاکٹر اعجاز خواجہ نے کونسل سے استعفیٰ دیا جس کے بعد اب کمیٹی کے ایک اور رکن نے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اقتصاری مشاورتی کونسل کے رکن عمران رسول نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بڑے دُکھ کے ساتھ میں نے آج صبح اقتصادی مشاورتی کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

عاطف میاں کو جن حالات میں رکنیت چھوڑنے کا کہا گیا میں ان سے اتفاق نہیں کرتا ، کسی کے مذہب کو بنیاد بنا کر اس طرح کے فیصلے کرنا میرے ان اصولوں اور اقدار کے خلاف ہے جو میں اپنے بچوں کو سکھا رہا ہوں۔

(جاری ہے)

اقتصادی مشاورتی کونسل کے قیام سے پاکستان کی بہترین معاشی پالیسی کی تشکیل کا امکان پیدا ہو گیا تھا، انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 دنوں میں پاکستانی سیاست کا بہترین اور بُرا چہرہ دیکھا گیا۔

ٹویٹر پیغام میں عمران رسول نے کہا کہ اگر میں سچ کہوں تو اقتصادی مشاورتی کونسل میں عاطف میاں ہی وہ انسان ہیں جن کی پاکستان کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، میں نے کئی قابل طلبا، تنظیموں ، این جی اوز اور سرکاری افسران کے ساتھ کام کیا ہے۔
عمران رسول نے ایک اور ٹویٹر پیغام میں کہا کہ میں اقتصادی مشاورتی کونسل کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی اقتصادی مشاورتی کونسل میں ایک متنازعہ شخصیت اور عالمی شہرت یافتہ ماہر اقتصادیات عاطف میاں کی شمولیت کے باعث بڑا تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا۔ عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل میں شمولیت پر تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو مذہبی طبقے کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اسی شدید تنقید کے باعث مجبور ہو کر حکومت نے میاں عاطف کی اقتصادی مشاورتی کونسل سے نامزدگی واپس لے لی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے عاطف میاں سے نامزدگی واپس لیے جانے کی تصدیق کی اور کہا کہ میاں عاطف کی اقتصادی مشاورتی کونسل سے نامزدگی واپس لے لی ہے ۔اگر ایک شخص نامزدگی سے اختلاف پیدا ہوتا ہے تو یہ مناسب نہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کا آئیڈیل ریاست مدینہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے ارکان عاشقان رسولؐ ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر جو کامیابی حاصل کی وہ بھی اسی نسبت کا اظہار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت علماء اور تمام معاشرتی طبقات کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا چاہتی ہے۔حکومت کے اس فیصلے کے بعد اقتصادی مشاورتی کونسل کے رکن ڈاکٹر عاصم اعجاز خواجہ نے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا۔ تاہم اب ایک اور رکن عمران رسول نے بھی اقتصادی مشاورتی کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات