مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج نے کولگام میں5 کشمیری نوجوا ن شہید کردئیے

نوجوانوں کی شہادت پر مظاہرے،قابض فورسز کی طرف سے مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال، متعدد زخمی کولگام ، اسلام آباد اضلاع میں ہڑتال؛انٹرنیٹ ، موبائل فون اور ریل سروسز معطل

ہفتہ 15 ستمبر 2018 14:44

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ہفتہ کو ضلع کولگام میں05 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے چیوگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ نوجوانوں کی شناخت گلزار احمد پڈر ، فیصل احمد راتھر، زاہد احمد میر، مسرور احمد اور ظہور احمد لون کے نام سے ہوئی ہے۔

بھارتی فوجیوں نے علاقے میں ایک رہائشی مکان کو بھی بارودی مواد لگا کر تباہ کردیا۔قابض انتظامیہ نے لوگوں کو تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی سے روکنے کیلئے کولگام اور اسکے ملحقہ ضلع اسلام آباد میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کردیں۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں چلنے والی ریل سروس بھی معطل کر دی ۔

دریں اثنا نوجوانوں کی شہادت پرعلاقے میں زبردست مظاہرے شروع ہو گئے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوجیوں کی طرف سے مظاہرین پر پیلٹ فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کے نتیجے میں کم از کم دس افراد زخمی ہو گئے ۔ نوجوانوں کی شہادت پر کولگام اور اسلام آباد کے اضلاع میں ہڑتال شروع کر دی گئی ۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل تھی۔