Live Updates

اسٹیٹ گیسٹ ہائوس کراچی میں وزیراعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد اورمئیرکراچی وسیم اخترنے الگ الگ ملاقات کی

ملاقات میں جمہوریت کے استحکام اور شہری علاقوں سے ہونیوالی زیادتیوں کے ازالے پر بات چیت کی گئی ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

اتوار 16 ستمبر 2018 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2018ء) اسٹیٹ گیسٹ ہائوس کراچی میں وزیراعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد اورمئیرکراچی وسیم اخترنے الگ الگ ملاقات کی اورکراچی سمیت شہری سندھ سے متعلق اپنے مسائل سے وزیراعظم کوآگاہ کیا۔متحدہ قومی موومنٹ کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی عامر خان ، کنور نوید جمیل ، نسرین جلیل شامل تھے۔

ملاقات کے بعد ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں جمہوریت کے استحکام اور شہری علاقوں سے ہونیوالی زیادتیوں کے ازالے پر بات چیت کی گئی ہے جبکہ مردم شماری اورلاپتہ افراد کے حوالے سے اپنے تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مارٹن کواٹرزکے مکینوں سے گھر خالی کرانے کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کو اس کے حق کے مطابق وسائل میں حصہ ملنا چاہیئے۔ کراچی کو اتنا ہی پیکچ ملنا چاہئے جو اس کا حق ہے۔گورنرسندھ نے وزیراعظم کو کے فور دیگرمنصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کو وفاقی حکومت میں مزید ایک وزارت بھی ملے گی۔ وزیر اعظم نے ہمارے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ لاپتہ کارکنوں کی بازیابی کے لئے قانون سازی پر اتفاق ہوا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں گے ہم نے انہیں ملاقات کے لیے بلایا ہے ۔وزیراعظم سے مئیرکراچی وسیم اخترنے بھی ملاقات کی اورکراچی کی ترقی سے متعلق مختلف تجاویز وزیراعظم کوپیش کیں۔ مئیرکراچی وسیم اخترکا ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وزیر اعظم کے سامنے بحیثیت میئر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور کے فور منصوبے سمیت دیگر منصوبوں پر کراچی کا مقدمہ وزیراعظم کے سامنے رکھا ہے۔

واٹر کمیشن کے حوالے سے مختلف اسکیمیں پیش کی ہیں جبکہ شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے وسیم اخترنے بتایا کہ وزیراعظم نے ایک کمیٹی بنائی ہے جو وزیرخزانہ کے ساتھ ملکرکراچی کی ترقی اوربنیادی مسائل کے حل کے لیے مختصرمدت اورطویل المدت منصوبوں کا جائزہ لے گی اوران منصوبوں کی تکمیل کے لیے سفارشات مرتب کرے گی منصوبوں کا جائزہ لے گی انہوں نے کہاکہ اپنے تحفظات اور کراچی کا مقدمہ وزیراعظ کو پیش کیا ہے گورنرسندھ نے بھی کے فور اوردیگرترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم کوآگاہ کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات