Live Updates

ریلوے پریم یونین کا پشاور تا کراچی نئی عوامی ٹرین چلانے کے اعلان کاخیر مقدم

ٹرین کو براستہ فیصل آبادچلایا جائے تاکہ فیصل آباد کے لاکھوں مسافر بھی استفادہ کر سکیں،خالد محمود چوہدری

پیر 17 ستمبر 2018 20:04

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی طرف سے پشاور تا کراچی نئی عوامی ٹرین چلانے کے اعلان کاخیر مقدم کرتے ہوئے ریلوے پریم یونین کے راہنما خالد محمود چوہدری نے مطالبہ کیا ہے کہ اس ٹرین کو براستہ فیصل آبادچلایا جائے تاکہ فیصل آباد کے لاکھوں مسافر بھی اس سے استفادہ حاصل کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ہے جہاں سے ریلوے کو سب سے زیادہ ریونیو مل رہا ہے ،فیصل آبادسے روزانہ ہزاروں شہری اور کاروباری افراد کراچی کے لئے سفر کرتے ہیں ،ایک نئی ٹرین کے اجراء سے شہریوں کی مشکلات میں کمی ہونے کے ساتھ ساتھ ریلوے کے ریونیومیں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا جس سے موجودہ حکومت کا ریلوے کو خسارہ سے نکالنے کا خواب پورا ہونے میں بھی مدد حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تیسرے بڑے شہرکے ریلوے اسٹیشن کو اس کی کارکردگی کے مطابق سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ،یہاں کے ریلوے ملازمین نے دن رات ایک کر کے فیصل آباد ریلوے کو اس مقام پر پہنچایا ہے کہ چیف ایگزیکٹو ریلوے آفتاب اکبر نے بھی اس کی کارکردگی کو سراہا ہے جو ہمارے لئے اعزاز ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر ریلوے شیخ محمد رشید ملازمین اور شہریوں کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے پاکستان کے تیسرے بڑے شہر کو اس کا حق فراہم کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات