Live Updates

غریبوں کو سہانے خواب دکھانے والے حکومت میں آکر تبدیل ہوگئے،

عوام عمران نیازی کا اصل چہرہ دیکھیں گے ‘حمزہ شہباز

منگل 18 ستمبر 2018 16:18

غریبوں کو سہانے خواب دکھانے والے حکومت میں آکر تبدیل ہوگئے،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات سے پہلے غریبوں کو سہانے خواب دکھانے والے حکومت میں آکر تبدیل ہوگئے،مہنگائی کا کوڑا برساتے ہوئے اسد عمر کو اپنے ماضی کے اعلانات یاد نہیں رہے،ہم انتظار کریں گے قوم عمران نیازی کا اصل چہرہ دیکھیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو اور اپنے بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت نے تمام معاشی مشکلات کے باوجود غریبوں سے ریلیف نہیں چھینا تھا۔ تین سے سات سلیبز کرنے کی آڑ میں تبدیلی کے دعویداروں نے چھپنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے ریکارڈ اضافے سے ثابت کیا کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کے پاس نئے پاکستان کے لئے کھوکھلے دعووں کے سوا کچھ نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن غریبوں، مزدوروں، محنت کشوں، کمزور اور متوسط طبقات کے حقوق کے لئے ماضی کی طرح آواز بلند کرتی رہے گی اور ان کے حق پر ضرب لگانے کے حکومتی ظالمانہ اقدامات کا راستہ روکے گی۔ حمزہ شہباز نے گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے قوم کو اندھیروں سے نکالنے کا وعدہ کیا تھا اور (ن) لیگ کے گزشتہ پانچ سالہ دور حکومت میں 12ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ سٹیشن میں شامل کی گئی مگر اب ایک بار پھر حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے شہروں میں چھ اور دیہاتوں میں 14گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لوگ ایک بار پھر (ن) لیگ کے دور حکومت کو یاد کررہے ہیں اور ضمنی انتخابات میں شیر کو کامیاب کروا کے وہ اپنا فیصلہ سنائیں گے ۔ لوگ حیران ہیں کہ 2018ء کے عام انتخابات میں بھی انہوں نے ووٹ شیر کو ڈالا تو یہ جعلی مینڈیٹ والے کہاں سے آگئے ۔ عوام سے خدمت کو وعدے کیے گئے اور حکومت میں آکر کہا جاتا ہے کہ 55روپے لیٹر میں ہیلی کاپٹر سفر کرتا ہے اور بھی بہت کچھ کہا جا رہا ہے ، میں جوتشی نہیں بلکہ سیاسی ورکر ہوں مگر ہم انتظار کریں گے اور لوگ عمران نیازی کا اصل چہرہ دیکھیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات