Live Updates

عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے ہائیڈرو پاور منصوبوں کو ترجیح دی جائیگی،

سابقہ ادوار کے انرجی منصوبوں کاآڈٹ کرایا جائے گا، ڈاکٹر اخترملک

جمعرات 20 ستمبر 2018 20:35

ملتان۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر انرجی و ماحولیات ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سابقہ ادوار کے انرجی منصوبوں کا آڈٹ کروائے گی کیونکہ ان منصوبوں میں بہت سے گھپلے سامنے آرہے ہیں۔ انرجی کیلئے ایسی پالیسیاں بنائیں گے کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ سولر پاور منصوبوں کو بھی ازسرنو دیکھیں گے۔

جبکہ عوام کو سستی اور معیاری بجلی کی فراہمی کیلئے ہائیڈرو پاور منصوبوں کو ترجیح دی جائیگی۔رکن قومی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی کے ہمراہ ممتاز آباد کے 9ویں کے مرکزی جلوس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اختر ملک نے کہا کہ پنجاب کی طرح ملتان میں بھی محرم الحرام میں جلوسوں اور مجالس کیلئے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں تمام انتظامیہ ۔ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور امن کمیٹی کے ممبران سے رابطے میں ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی کنٹرول روم بنایا گیا ہے۔ عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیگی اور کوشش کی جائیگی کہ جلوسوں کے اور مجالس کے دوران کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔ رکن قومی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔

نواز شریف کی سزا کی معطلی کا عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے کوئی تعلق نہیں۔ عمران خان کاد ورہ طے شدہ تھا۔ جبکہ نواز شریف کی سزا میں معطلی کے خلاف اپیل عدالت میں زیر سماعت تھی۔ عدالت نے سزا کو فی الحال معطل کیا ہے۔ نیب نے اس فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مخدوم زادہ زین حسین قریشی نے کہا حکومت جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے مخلص اور سنجیدہ ہے۔

اس کیلئے آئینی اقدامات ضروری ہیںجن کو پورا کرنے کیلئے مخدوم شاہ محمود قریشی اور مخدوم خسرو بختیار پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جو محرم کے بعد اس مسئلے پر اپنے کام کاآغاز کریگی۔ صوبہ بنانے کیلئے نہ صرف پنجاب بلکہ مرکز میں بھی دوتہائی اکثریت ضروری ہے۔ اور انشاء اللہ تحریک انصاف کے دور میں ہی جنوبی پنجاب صوبے کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔

انہوں نے کہا جب تک صوبے کا قیام عمل میں نہیں لایا جاتا اس وقت تک ملتان اور جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی کی سفارش پر وزیراعلیٰ پنجاب ہفتے میں ایک دن اپنے سٹاف کے ساتھ ملتان میں قیام کریں گے۔ تاکہ یہاں کی عوام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے لاہور نہ جانا پڑے۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا کہ اس دفعہ حکومت نے محرم میں امن وامان کے قیام کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔

عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ملتان کا امن مثالی ہے ملتان میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور عوام ایک دوسرے کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ اور ملکر نواسہ رسول کے ایام مناتے ہیں۔ آج نویں محرم کا ممتاز آباد کا مرکزی جلوس پر امن طریقے سے اختتام پذیر ہوا ہے۔ اور امید ہے کل ملتان سمیت ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی پر امن طریقے سے منایا جائیگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات