Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب اور ابو ظہبی کے پہلے غیر ملکی دورہ پرمتحدہ عرب امارات میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں کا اظہار مسرت ، سمندر پار پاکستانی اپنے نئے وزیر اعظم کو دیکھنے کے لئے بے تاب دکھائی دیئے

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب اور ابو ظہبی پر خلیج ٹائمز کی رپورٹ اور تاثرات

ہفتہ 22 ستمبر 2018 10:40

وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب اور ابو ظہبی کے پہلے غیر ملکی دورہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان کا سعودی عرب اور ابو ظہبی کا پہلا غیر ملکی دورہ متحدہ عرب امارات میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں کے لئے انتہائی خوشی کا دن تھا اور سمندر پار پاکستانی اپنے نئے وزیر اعظم کو دیکھنے کے لئے بے تاب دکھائی دیئے۔ متحدہ عرب امارات میں ایک ٹیلی کام کمپنی سے منسلک سینئر مینیجر اطہر فاروق کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورہ کے لئے سعودی عرب اور بعد ازاں ابو ظہبی کا انتخاب وہاں مقیم پاکستانی برادری کے لئے انتہائی مسرت کا باعث بنا۔

یہ دورہ دونوں ممالک کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ قریبی تعلقات کا مظہر ہے۔ہمارے سابق کپتان کے دورہ سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے پاکستانی عوام کے دلوں میں دونوں ممالک کے ایک دوسرے کا احترام کرنے ، محبت اور دلی جذبات کی عکاسی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کھلے ذہن اور دلیرانہ فیصلے کرنے والا رہنما ہے اور پاکستانی عوام اپنے قائد سے بڑی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں۔

پاکستانی نژاد سعودی شہری اور متحدہ عرب امارات مین مقیم عمر فاروقی نے پاکستان کے نئے وزیر اعظم سے وابستہ توقعات کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے عمران خان کے دورہ سے خوشی ہوئی اور میں خطہ میں رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیوں اور پاکستان کے خلیجی ریاستوں سے پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے ان کے نکتہ نظر کو پسند کرتا ہوں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک طویل عرصہ سے حقیقی تبدیلی کا خواہشمند تھا اور عمران خان لاکھوں عوام کی نظروں میں ایک سیاسی رہنما ہیں جن سے ملک میں ایک نئے دور کے آغاز کی توقعات وابستہ ہیں اور وہ لاکھوں عوام کی نظر میں ملک میں نمایاں تبدیلی کی امید ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی توقع رکھتے ہیں کہ تینوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات سے نہ صرف ان کی ترقی اور خوشحالی میں مدد ملے گی بلکہ یہ ایک دوسرے کی قوت بنیں گے اور امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔صحافی اور آرٹسٹ آمنہ خیشگی نے اس حوالے سے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے ہمیشہ ہمارے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اپنی محنت کی کمائی ترسیلات زر کی صورت میں وطن بھجوا کر اپنے ملک کی معیشت کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں حال ہی میں ایک پاکستانی ڈرائیور سے ملی ہوں جس نے اپنے طبی علاج کو نظر انداز کر کے علاج پر خرچ ہونے والی رقم بچا کر پاکستان میں ڈیم فنڈ کے لئے بھجوا دی ہے۔انھوں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ ہمارے نئے وزیر اعظم ہمارے ان خاموش ہیروز کی قربانیوں کاخیال رکھیں گے۔ دبئی میں مقیم ایک پاکستانی اکائونٹنٹ نے توقع ظاہر کی کہ ان کے قائد کے دورہ متحدہ عرب امارات سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ میں ان کے دورہ متحدہ عرب امارات سے بہت پر امید ہوں اور میرے خیال میں دونوں ممالک کو تجارت کے فروغ پر بات چیت کے آغاز کی اشد ضرورت ہے کیونکہ پاکستان مالیاتی بحران کا شکار ہے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت پاکستان کو اس بحران سے نکالنے میں معاونت کر سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اپنے قائد سے بد عنوانی کے خلاف عدم برداشت کی توقع کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ لوٹی ہوئی دولت ہر قیمت پر وطن واپس لائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات