Live Updates

جیل سے باہر آنے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کا اہم فیصلہ

سابق وزیراعظم نواز شریف نے عام انتخابات 2018 میں شکست کی وجوہات کی خود چھان بین کرنے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 22 ستمبر 2018 11:24

جیل سے باہر آنے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کا اہم فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 ستمبر 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف نے جیل سے باہر آتے ہی عام انتخابات 2018ء میں پارٹی کی ناکامی کی وجوہات کی چھان بین کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز جیل سے باہر آتے ہی عام انتخابات 2018ء میں شکست کی وجوہات اور پارٹی قیادت کی جانب سے کمزور انتخابی مہم چلائے جانے کا نوٹس لیا اور اس تمام معاملے کی چھان بین خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

باوثوق ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے عام انتخابات 2018ء میں شکست پر صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے بھی جواب طلب کر لیا ہے ، یہی نہیں بلکہ انہوں نے دیگر پارٹی رہنماؤں کے مطالبے پر عام انتخابات 2018ء سے لے کر اب تک شہباز شریف کی کمزور پالیسیوں پر بھی جواب مانگ طلب کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف عام انتخابات 2018ء میں کچھ حلقوں سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈرز کی شکست پر سخت حیران بھی ہیں، ان اُمیدواروں میں حلقہ این اے 57 سے شاہدخاقان عباسی، این اے 131 سے خواجہ سعد رفیق، این اے 108 سے عابد شیر علی اور این اے 62 سے دانیال چودھری شامل ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایسے اُمیدواروں کا انتخابات میں ہارجانا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنی تمام تر توجہ ضمنی انتخابات پر مرکوز کر لی ہے اور خود انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔ خیال رہے کہ عام انتخابات 2018ء میں مسلم لیگ ن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے وفاق کے ساتھ ساتھ پنجاب بھی مسلم لیگ ن کے ہاتھوں سے نکل گیا اور مسلم لیگ ن پنجاب میں بھی حکومت بنانے میں ناکام رہی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات