پاکستان پر حملہ کرنے کی بھارتی جسارت کامنہ توڑ جواب دیاجائے گا‘میاں مقصود احمد

وزیر خارجہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں بھارت کے گھنائونے چہرے کو بے نقاب کریں‘ صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب کاشدیدردعمل

اتوار ستمبر 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر میاں مقصود احمدنے بھارتی آرمی چیف کی پاکستان سے بدلہ لینے کی دھمکی پر اپنے شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ انڈین آرمی چیف کی گیڈر بھبھکی سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔بھارت اپنا شوق پواکرکے دیکھ لے اسے معلوم ہوجائے گاکہ وہ کتنی بڑی غلط فہمی میں مبتلا ہے۔پاکستان پر بھارت نے حملہ کرنے کی جسارت کی تو اس کامنہ توڑ جواب دیاجائے گا۔

پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے بھارتی آرمی چیف کا غیر ذمہ دارانہ بیان تشویش ناک اور قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی علاقوں میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویدارہندوستان آج تک اپنے عوام کو اس کا ثبوت ہی پیش نہیں کرسکا۔مذاکرات سے فرارہندوستان کی کوئی نئی بات نہیں ہے،تاریخ گواہ ہے کہ بھارت کبھی بھی مذاکراتی عمل میں سنجیدہ نہیں رہا۔

(جاری ہے)

انڈیا کو اس کی زبان میں جواب دینا وقت کاناگزیر تقاضا ہے۔

پوری پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو اسی1965سے زیادہ زخم اٹھانے پڑیں گے۔پاکستان امن کاخواہاں ہے مگر تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند،بلوچستان میں مداخلت کاخاتمہ اور آبی جارحیت کو ترک نہیں کردیتا اس کے ساتھ خوشگوار تعلقات استوار نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک آزاد اورخودمختار ملک ہے۔ہم امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔ماضی کے حکمرانوں نے امریکی امداد کے حصول کے لیے تمام حدود کو پارکرلیا تھا۔انہوں نے کہاکہ بھارت ہماراازلی دشمن ہے جوجنوبی ایشیا میں طاقت کاتوازن خراب کرنے کے لیے رات دن کوششیں کررہا ہے اور ان گھنائونی سازشوں میں اسے امریکی آشیرباد حاصل ہے۔

میاں مقصوداحمد نے مطالبہ کیاکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں پیش کریں اوربھارت کے سیاہ کردار کوبے نقاب کیاجائے تاکہ عالمی برادری کو بھی معلوم ہوسکے کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے جو ’’را‘‘کے ذریعے مقبوضہ کشمیر،افغانستان اور پاکستان میں حالات خراب کررہا ہے۔