پنچائتی انتخابات لاحاصل عمل ہے ، ریاستی عوام بائیکاٹ کر یں ،حریت قائدین

انتخابات عالمی برادری کو یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش ہے کہ یہاں کے لوگ بھارت کے ساتھ ہیں بجلی کی نجکاری کا معاملہ باعث تشویش ہے ، بیان

منگل 25 ستمبر 2018 16:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2018ء) حریت قائدین نے پنچائتی انتخابات کو لاحاصل عمل قرار دے دیا ۔ حریت قائدین سید علی گیلانی ، میرواعظ ڈاکٹر محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے حیدر پورہ سرینگرمیں ایک غیر معمولی اجلاس میں تحریک مزاحمت کے حوالے سے ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورت حال پر تفصیلی غور و خوض کیا ۔ اجلاس میں اس امر پر اظہار افسوس کرتے ہوئے محسوس کیا گیا کہ ریاست کے عوام کو ان کی مرضی کے خلاف ایک ایسی انتخابی ڈرامہ بازی میں گھسیٹ کر شرکت کرنے کے لئے زبردست فوجی دباؤ کو استعمال میں لایا جا رہا ہے۔

جس کا واحد مقصد عالمی برادری کو یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش ہے کہ یہاں کے لوگ بھارت کے ساتھ ہیں۔ قیادت نے ریاستی عوام کو ایسی لاحاصل انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کو دہراتے ہوئے کہا کہ دراصل بھارت کی موجودہ حکومت اپنی زبردست فوجی طاقت اور اقتدار کے نشے میں غرق ہو کر اس مفروضے کو لے کر آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہے کہ لوگوں کی شرکت کے بغیر عوام کی گرد نوں پر ٹھونسی جا سکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

عوام کی شرکت یا بائیکاٹ سامراجی ذہنیت کے مالک حکمرانوں کے سامنے کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ قائدین نے بجلی پراجیکٹو ں کو بھارت کی نجی کمپنیوں کو نیلام کرنے کی بہیمانہ کارروائی سے یہاں کے لاکھوں ملازمین کو بیروزگار کرنے کی ایک بھونڈی سازش قرار دیتے ہوئے عام لوگوں کو اس جابرانہ کارروائی کے خلاف سڑکوں پر آنے کے لئے تیار رہنے کی دردمندانہ اپیل کی ہے ۔۔