وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے مشال ملک کی ملاقات، خیریت دریافت کی

بھارت کی جانب سے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی شدید مذمت، بزدلانہ کارروائی قرار دیا، عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

پیر 1 اکتوبر 2018 18:16

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے مشال ملک کی ملاقات، خیریت دریافت کی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2018ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کی ملاقات ، مشعال ملک نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کے قریب وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ کے واقع کی شدید مذمت کی اور اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر یاسین ملک کی خیریت دریافت کی اور مشعال ملک کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سویلین ہیلی کاپٹر پر حملہ کر کے بھارتی فوج نے انتہائی بزدلانہ حرکت کی ہے جو کہ بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کشمیر سے شدید خوفزدہ ہے جسکی وجہ سے وہ طرح کی بزدلانہ کارروائی آئے روز کرتی رہتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کی اسطرح کی بزدلانہ کارروائیوں کا نوٹس لے اور اسے خطے میں جارحیت پھیلانے سے باز رکھے ۔

مشعال ملک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اسطرح کے ہتھکنڈے اپنا کر خطہ میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرناچاہتا ہے ۔ بھارت کے عزائم خطرناک اور جارحانہ ہیں جسکی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایک جانب تو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے جبکہ دوسری جانب لائن آف کنٹرول پر اس طرح کی کارروائیاں کر کے دہشت پھیلا رہا ہے جسکی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔