مقبوضہ کشمیر‘بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ما ہ ستمبر میں42کشمیریوں کو شہیدکیا

شہادتوں کے نتیجے میں5خواتین بیوہ جبکہ12بچے یتیم ہو گئے‘ چھاپوں کے دوران حریت رہنمائوں،کارکنوں اور نوجوانوں سمیت 399افراد کو گرفتارکرلیاگیا بھارتی فورسز نے تلاشی اور محاصروں کے دوران65مکانوں کو تباہ کیا اور 14 خواتین کی بے حرمتیاںکیں

پیر 1 اکتوبر 2018 20:49

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ ستمبر میں1 خاتون سمیت 42 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے آج جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق ان میں سے ایک نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کیاگیا ۔

ان شہادتوں کے نتیجے میں5خواتین بیوہ جبکہ12بچے یتیم ہو گئے۔اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز کے اہلکاروںکی طرف سے پرامن مظاہرین کے خلاف پیلٹ گن اور آنسو گیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سی231افرادشدید زخمی ہوگئے جبکہ تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران حریت رہنمائوں،کارکنوں اور نوجوانوں سمیت 399افراد کو گرفتارکرلیاگیا۔

(جاری ہے)

نتظامیہ نے رواں ماہ حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار ، حکیم عبدالرشید،غلام احمد گلزار، شکیل احمد بخشی ، پیلٹ گن سے جزوی طورپر بینائی سے محروم ہونے والے سہیل احمد ترمبو ، مولاناسلیم احمدڈار، فردودس احمد شاہ ، عادل حسین ، اشفاق احمد پرے ، گوہر حسن پرے ، اعجاز احمد میر ، بلا ل احمد پرے ، پیر غلام محی الدین اور ایڈووکیٹ حسین احمد پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں جموںکی مختلف جیلوں میں نظربند کردیا۔ انتظامیہ نے رواں ماہ دومرتبہ لوگوں کو تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ تلاشی اور محاصروں کی کارروائیوں کے دوران65مکانوں کو تباہ کیا اور 14 خواتین کی بے حرمتیاںکیں۔