شہبازشریف نی10 سال کچھ نہیں کیا،عوام کی بدعائوں سے جیل جانیوالے ہیں،چوہدری پرویز الٰہی

نواز شریف کیساتھ ڈیل یا ڈھیل کی باتیں بے بنیاد ہیں، مشاہد حسین کو بہت عزت دی لیکن انہوں نے دھوکا دیا پاکستان کو نریندر مودی اتنا نقصان نہیں پہنچا سکتا تھا جتنا اسحاق ڈار نے معاشی طور پر پہنچایا،سپیکرپنجاب اسمبلی

بدھ 3 اکتوبر 2018 23:40

شہبازشریف نی10 سال کچھ نہیں کیا،عوام کی بدعائوں سے جیل جانیوالے ہیں،چوہدری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2018ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو کارکردگی دکھانے کے لئے وقت ملنا چاہیئے۔ شہباز شریف نی10سالہ دورِ حکومت میں کچھ نہ کیا وہ عوام کی بد دعاؤں سے جلد جیل جانے والے ہیں جبکہ نواز شریف کے ساتھ ڈیل یا ڈھیل کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ مشاہد حسین سید کو بہت عزت دی لیکن انہوں نے بھی دوسروں کی طرح دھوکا دیا۔

حکومت جو بھی بلدیاتی نظام بنائے عوامی مزاج سے ہم آہنگ ہونا چاہیئے۔ بدھ کے روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شریف برادران ماضی سے کچھ نہیں سیکھتے وہ اللہ کی پکڑ میں ہیں جبکہ شہباز شریف کی نواز شریف کے بغیر کوئی حیثیت نہیں ہے اور وہ عوام کی بد دعاؤں سے جلد جیل میں ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے 10سالہ دور اقتدار میں شہباز شریف نے کچھ نہ کیا اور اب ایک ماہ میں ہی تبدیلی کا مطالبہ کر رہے ہیں نئی حکومت کو کارکردگی دکھانے کے لئے وقت ضرور ملنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نریندر مودی اتنا نقصان نہیں پہنچا سکتا تھا جتنا اسحاق ڈار نے معاشی طور پر پہنچایا۔ میرے علم میں آیا ہے کہ گزشتہ حکومت نے آئندہ چار سال تک ہونے والی ترقیاں منصوبوں کی پیشگی ادائیگیاں کر کے آنیو الی حکومت کے لئے خالی خزانہ چھوڑ دیا ہے تاکہ نظام حکومت چلانے کے قابل نہ رہے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ بلدیاتی نظام کے بارے میں ابھی تک تو مجھ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی بس اخبارات میں ہی پڑھا ہے لیکن حکومت جو بھی بلدیاتی نظام بنائے وہ عوامی امنگوں اور پاکستان کے زمینی حقائق سے ہم آہنگ ہونا اچہیئے۔

کچھ لوگ بیرون ملک سے نظام درآمد کر کے لاگو کرنے کے خواہاں ہوتے ہیں ۔ انہیں میرا مشورہ ہے کہ پھر عوام بھی جاپان، ترکی اور امریکہ جیسی لے آئیں۔ تاہم جنرل پرویز مشرف کے دور کا بلدیاتی نظام کافی بہتر تھا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ صوبائی و قومی اسمبلی اراکین کے ترقیاتی فنڈ ختم کر کے انہی اراکین سے کوئی قانون سازی کروانا خام خیالی ہے ۔

عوامی نمائندے عوام سے وعدے کر کے ووٹ لیتے ہیں ان کی تکمیل کے لئے فنڈز ضروری ہوتے ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پانوں سے چندہ مانگنا کوئی بری بات نہیں سمندر پار پاکستانی وطن کی محب میں اپنا سب کچھ لٹانے کے لئے تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ ن میں کوئی فارورڈ بلاک بنانے کے خواہشمند نہیں ہیں وہ خود ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کا مذاق اڑانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں وہ پسماندہ ترین علاقے سے انتہائی ناسازگار حالات کے باوجود ایک تعلیم یافتہ اور عجز و انکشساری کے ساتھ رہنے والے انسان ہیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ مشاہد حسین سید کو بہت عزت دی لیکن وہ بھی دوسروں کی طرح دھوکہ دے کر ساتھ چھوڑ گئے حتیٰ کہ تمام رشتہ داروں نے بھی ساتھ چھوڑ دیا تاہم جو واپس آنا چاہے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔