مقبوضہ کشمیر، قابض انتظامیہ نے جموں میںمسلمانوں کے درجنوں گھر مسمار کر دیئے

گھروں کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی ایما پر مسمار کیا گیاہے، مسماری سے فرقہ پرست انتظامیہ کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے،میر شاہد سلیم

ہفتہ 6 اکتوبر 2018 20:24

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے جموں کے علاقے سدرا میں مسلمانوں کے درجنوں گھر مسمار کر دیے ہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے گھر وں کی مسماری کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کی حالت زار کا جائزہ لینے کے لیے پارٹی وفد کے ہمراہ سدراہ کا دورہ کیا ۔

متاثرین نے اس موقع پر میر شاہد سلیم کو بتایا کہ جموں ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے چند روز قبل ان کے مکانوں پر اچانک دھاوا بول کر انہیں مسمار کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ظالموں نے روتے بلکتے بچوں کی بھی پرواہ نہ کی اور ایک درجن کے لگ بھگ گھر بلڈوزکر دیے ۔ متاثرین نے کہا کہ اس بہیمانہ کارروائیوں کے دوران ڈویلپمنٹ اٹھارٹی کے ہمراہ بھارتی پولیس کی ایک بھاری جمعیت بھی تھی ۔

میر شاہد سلیم نے قابض انتظامیہ کی ظالمانہ کاروائی کی مذمّت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کاروائی فرقہ پرست جماعت بھارتی جنتا پارٹی کی ایما پر کی گئی ہے جس کا مقصد جموں کے مسلمانوںکو خوفزہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس غیر قانونی طریقے سے مسلمانوں کے گھروں کو مسمار کیا گیا اس سے فرقہ پرست انتظامیہ کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔