آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر سید مظہر علی ناصر سے ملاقات

ہفتہ 6 اکتوبر 2018 20:38

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2018ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر سید مظہر علی ناصر سے ملاقات کی اور با ہمی دلچسپی کے امو ر پر تبا دلہ خیال کیا۔ فیڈریشن سے ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں صدر آزاد جمو ں و کشمیر سردار مسعود خان نے ملک کی معاشی ترقی کی راہ میں ایف پی سی سی آئی کے کردار کو سراہا اور کہاکہ ایک مضبوط نجی شعبہ ہی مضبوط ملک کی ضمانت دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے دو ایسے شعبے ہیں جہاں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔ ایک زراعت اور دوسرا معدنیات اور میرپور اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کے لیے بہتر مواقع موجود ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے ممبران سے کہاکہ وہ کشمیر کی گھریلو صنعت میں بنائی ہوئی اشیا مثلاً شال، کارپٹ اور دوسرے سامان کو ملک میں اور ملک کے باہر فروغ دیں۔

ایف پی سی سی آئی کے سنیئر نائب صدر سید مظہر علی ناصر نے آزاد کشمیر کے صدر کو خوش آمدید کر تے ہو ئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق پر حملہ کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت تاریخی سلک روٹ دوبا رہ چل پڑے گا اور سنیٹرل ایشیاء چین اور دوسرے ملکوں کے لیے آسان راستہ ثابت ہوگا جس کی وجہ سے سرمایہ کاری بھی آئے گی اور سیاح بھی آئیں گے۔

مظہر علی ناصر نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی طرف سے کشمیریوں کو امن کے حصول میں مکمل تعاون رہے گا تاکہ جنوبی ایشیاء میں استحکام رہے۔ کشمیر میں سرمایہ کاری کو فرو غ دینے کے سلسلے میں ایف پی سی سی آئی مکمل تعاون کرے گا تاکہ نوکری کے مواقع بھی وہاں کے رہنے والوں کیلئے پیدا ہو تے رہیں۔ ملاقات میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر زاہد سعید کے علاوہ سینیٹر عبدالحسیب خان، ممتا ز شیخ، نور احمد خان، ملک خدا بخش، شکیل احمد ڈھینگرا، وسیم وہرا اور دیگر نے بھی شرکت کی۔