این اے 56 سے پاکستان تحریک انصاف کی شکست کی وجہ سامنے آگئی

جس نے پارٹی کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کروایا،اسی کی چھوڑی ہوئی سیٹ پر جب ضمنی الیکشن ہوا تو کسی نے اسکو پوچھا بھی نہیں۔ خان صاحب کے اردگرد بہت سے لوگ موجود ہیں جو وزیر اعظم سے غلط فیصلے کروا رہے ہیں،میجر(ر)طاہر صادق

پیر 15 اکتوبر 2018 20:21

این اے 56 سے پاکستان تحریک انصاف کی شکست کی وجہ سامنے آگئی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہن ترین اخبار-15 اکتوبر 2018ء) :این اے 56 کی شکست پر میجر(ر) طاہر صادق اپنی ہی قیادت پر پھٹ پڑے۔میجر(ر) طاہر صادق کا کہنا تھا کہ جس نے پارٹی کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کروایا،اسی کی چھوڑی ہوئی سیٹ پر جب ضمنی الیکشن ہوا تو کسی نے اسکو پوچھا بھی نہیں۔ خان صاحب کے اردگرد بہت سے لوگ موجود ہیں جو وزیر اعظم سے غلط فیصلے کروا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات پاکستان تحریک انصاف کے ڈراونا خواب ثابت ہوئے۔ان ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے اپنی ہی چھوڑی ہوئی متعدد نشستیں گنوا دیں جن میں این اے 131 ، این اے 35 اور اٹک جیسی اہم ترین نشستیں بھی شامل ہیں۔سب سے زیادہ بڑا سیاسی اپ سیٹ اٹک میں میجر (ر) طاہر صادق کی چھوڑی ہوئی سیٹ پر ملا، تاہم اس سیٹ پر شکست کے بعد یہ بھی خبریں منظر عام پر تھیں کہ میجر (ر) طاہر صادق نے پارٹی سے بغاوت کرتے ہوئے مسلم لیگ ن سے ہاتھ ملایا اور انکے امیدوار کی حمایت کی ۔

(جاری ہے)

تاہم اس سارے معاملے پر میجر (ر) طاہر صادق نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ میں جب پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوا تو ہم نے پاکستان تحریک انصاف کو زمین سے اٹھا کر آسمان پر لے جانے میں اہم ترین کردار ادا کیا۔انکا کہنا تھا کہ اگر خان صاحب 5 نشستوں سے جیتے تو میں بھی 3 نشستوں پر کامیاب ہوا جن میں سے ایک صوبائی اور دو قومی اسمبلی کی نشستیں تھیں ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے این اے 66 سے ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹ لئیے جبکہ این اے 56 سے میرے لئیے ہوئے ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار تھی۔انہوں نے کہا کہ جس نے پارٹی کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کروایا،اسی کی چھوڑی ہوئی سیٹ پر جب ضمنی الیکشن ہوا تو کسی نے اسکو پوچھا بھی نہیں۔انکا یہ کہنا تھا کہ خان صاحب کے اردگرد بہت سے لوگ موجود ہیں جو وزیر اعظم سے غلط فیصلے کروا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف اس نشست پر 60 ہزار کی لیڈ سے جیتی تھی جبکہ گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں اس نشست سے تحریک انصاف کو 40 ہزار ووٹوں سے شکست ہوئی ہے۔