مقبوضہ کشمیر، حریت رہنماء مسرت عالم سرینگر کی عدالت میں پیشی کے بعد واپس کوٹ بھلوال جیل منتقل

بدھ 17 اکتوبر 2018 12:35

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) جموں وکشمیر مسلم لیگ کے غیرقانونی طور پر نظر بند سربراہ مسرت عالم بٹ کو جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے ایک جھوٹے مقدمے میں عدالت میں پیشی کیلئے سرینگر لایاگیا۔ ایڈیشنل ایند ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کے بعد انہیں دوبارہ سے کوٹ بھلوال جیل میں منتقل کیا گیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مسرت عالم کو پے در پے جھوٹے مقدمات میںملوث کر کے ان کی نظر بندی کی طول دیا جارہا ہے جو انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا مسرت عالم بٹ کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک سیاسی عداوت کی ایک عظیم مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے سربراہ پر لاگو کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ عدالت کی طرف سے کالعدم قرار دیے جانے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جارہا جو محض ظلم کی عکاسی کرتا اورجس کی نظیر دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

سجاد ایوبی نے کشمیر بار ایسو اسیشن ، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، عالمی ریڈ کراس اورایمنسٹی اینٹرنیشنل سے اپیل کی ہے کہ وہ مسرت عالم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کی غیر قانونی نظر بندی کو بلاجواز طول دینے کے مذموم عمل کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔