امریکی حکومت کی جانب سے سندھ پولیس کو بچوں کے اغوا کی روک تھام اور فارنزک انٹرویو کی خصوصی تربیت

جمعہ 19 اکتوبر 2018 18:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی اور لیگل اتاشی کے دفتر کی جانب سے سندھ پولیس کے لئے بچوں کے اغوا کی روک تھام اور فارنزک انٹرویو کی خصوصی تربیت کا اہتمام کیا گیا جو 15 سے 19 اکتوبر2018 ء تک جاری رہی۔ سندھ پولیس کے تفتیش کاروں اور کراچی کے سرکاری وکلاء کے لئے تربیتی نصاب امریکی ایف بی آئی کے وائلنٹ کرائم اگینسٹ چلڈرن سیکشن کے چائلڈ ایبڈکشن ریپڈ ڈیپلائمنٹ ٹیم اینڈ وکٹم سروس ڈویژن کی جانب سے خصوصی طور پر مرتب کیا گیا تھا۔

جمعہ کو جاری کردہ علامیہ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کا انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو اور اس کے پروگرام کا نفاذ کرنے والے شراکتی ادارے امریکی محکمہ انصاف کے انٹرنیشنل کریمنل انویسٹی گیٹو ٹریننگ اسسٹنس پروگرام (ICITAP) نے اپنی بھرپور معاونت کے ذریعے کراچی میں اس تربیت کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

سندھ پولیس کے ٹریننگ یونٹ نے ایک ہفتے پر محیط اس تربیت کی میزبانی سینٹرل پولیس آفس کے جدید تربیتی مرکز میں کی۔

سندھ اور پنجاب میں بچیوں کے اغوا، قتل اور جنسی زیادتی کے حالیہ نمایاں واقعات نے کراچی اور سندھ پولیس کے ان تفتیش کاروں کے لیے بھرپور تربیتی وسائل کی ہنگامی ضرورت کو اجاگر کیا جو بچوں کے خلاف جرائم کی تحقیقات کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں یہ ہفت روزہ تربیت سندھ اور پاکستان میں بچوں کے تحفظ کے لیے پولیس کی مہارت و استعداد میں اضافے کا سبب بنے گی۔