مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں درجن سے زائد نوجوانوں کی شہادت بدترین ریاستی دہشت گردی ہے،معراج الہدیٰ

عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی درندگی کا نوٹس لیں اور اپنی منظور کردہ قرار دادوں پر عمل کر کے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کا موقع دیا جائے

پیر 22 اکتوبر 2018 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وادی کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران ایک درجن سے زائد نوجوانوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے بھارتی درندگی کا نوٹس کشمیری عوام کو بھارتی مظالم سے نجات اور اپنی منظور کردہ قرار دادوں پر عمل کر کے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کا موقع دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جنت نظیر وادی کشمیر میں خون کی ہولی کھیل کر اسے جہنم بنا دیا ہے۔ اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیکر موت کی وادی میں دکھیلا جارہا ہے مگر بھارتی فوج کے چھرے والی گولیوں سے لیکر تمام انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیری عوام سے جدوجہد ٓزادیکا عزم اور نوجوان کشمیریوں سے شوق شہادت اور جذبہ جہاد میں ذرہ برابر بھی کم نہیں کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان شاء اللہ کشمیری عوام کی قربانیاں اور نوجوانوں کی شہادتیں ضرور رنگ لاکر رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون اور جارحانہ عزائم کشمیر کی آزادی اور خطے میں قیام امن میں بڑی رکاوٹ ہیں، اقوام متحدہ سمیت عالمی ضمیر کی خاموشی افسوس ناک امر ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں قیام امن ناممکن ہے، پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔