بیگم نصرت بھٹو ایک دلیر اور جمہوریت پسند خاتون تھیں ،ان کی جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں ہیں اور آمر ضیا الحق کا بہادری سے مقابلہ کیا، وزیراعلیٰ سندھ

کورٹ کی جانب سے جے آئی ٹی بنائی گئی اور جے آئی ٹی کی انکوائری کوخفیہ رکھا جاتا ہے لیکن یہ رپورٹیں اخباروں میں کیسے شائع ہورہی ہیں انور مجید بیمار آدمی ہیں ، حکومت کا فرض ہے کہ بیمار کو علاج کی سہولت مہیا کرے، گڑھی خدا بخش میں شہداء کے مزاروں پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 23 اکتوبر 2018 22:02

بیگم نصرت بھٹو ایک دلیر اور جمہوریت پسند خاتون تھیں ،ان کی جمہوریت ..
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ گڑھی خدا بخش پہنچے جہاں پر شہیدذوالفقار علی بھٹو ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ، شہید میر مرتضی، شہید شاہنواز بھٹو، مرحومہ بیگم نصرت بھٹو اور مرحومہ امیر بیگم کے مزاروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی ساتویں برسی کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے آیاہوں۔

انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو ایک دلیر اور جمہوریت پسند خاتون تھیں ۔ان کی جمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں ہیں اور آمر ضیا الحق کا بہادری سے مقابلہ کیا ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے ساتھی اگر این ایف سی ایوراڈ اور اٹھارویں ترمیم رول بیک کرنے کی باتیں کریں گے تو وہ غیر جمہوری حرکتیں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں 2008 سے 2013 تک اور 2013 سے 2018تک جمہوری حکومتوں نے اپنی مدت پوری کی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انور مجید بیمار آدمی ہیں ، حکومت کا فرض ہے کہ بیمار کو علاج کی سہولت مہیا کرے۔ کورٹ کی جانب سے جے آئی ٹی بنائی گئی اور جے آئی ٹی کی انکوائری کوخفیہ رکھا جاتا ہے لیکن یہ رپورٹیں اخباروں میں کیسے شائع ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات شہید بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری پر قائم کیے گئے ، جن میں وہ باعزت بری ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پر جھوٹے قتل کا مقدمہ دائر کیاگیا اور انہیں پھانسی دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے میرٹ پر نوکریاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔ مہنگائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ مہنگائی خلاف اپوزیشن کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی اصل وجہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیاں ہیں جس کا سامنا صوبائی حکومتیں کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے لیکن حکومت کی کارکردگی سے ایسا نہیں لگ رہا۔انہوں نے کہا کہ اس سال چاول کی قیمت فروخت بہتر ہے پھر بھی صوبائی حکومت آبادگاروں کی بھلائی کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ ،پیپلزپارٹی ڈویژنل صدر لاڑکانہ اعجاز احمد جکھڑانی ، سہراب سرکی، ایڈیشنل کمشنر ون احمد سلطان کھوسو ، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ محمد نعمان صدیقی ، آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ موجود تھے۔