نواز شریف نے نون لیگ کا مشاورتی اجلاس جاتی امرا میں طلب کر لیا

اجلاس میں اپوزیشن کو متحرک کرنے کی حکمت عملی بنائی جائے گی.ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 27 اکتوبر 2018 14:21

نواز شریف نے نون لیگ کا مشاورتی اجلاس جاتی امرا میں طلب کر لیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 27 اکتوبر۔2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے پارٹی کا مشاورتی اجلاس جاتی امرا میں طلب کر لیا ہے. جاتی امرا میں بلائے جانے والے مشاورتی اجلاس میں خواجہ آصف، سعد رفیق، ایاز صادق، مریم اورنگزیب اور دیگر شریک ہونگے. اجلاس میں اپوزیشن کو متحرک کرنے کی حکمت عملی بنائی جائے گی. یاد رہے مولانا فضل الرحمان، سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف تینوں لاہور میں موجود ہیں.

مولانا فضل الرحمان نے فون پر میاں نواز شریف سے رابطہ کیا، دونوں راہنماﺅں نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں تیزی لانے پر اتفاق کیا.

(جاری ہے)

لاہور پہنچنے پر مولانا فضل الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں کی کردار کشی کی جاتی ہے، قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں، حاصل کچھ نہیں ہو سکا. انہوں نے کہا کہ کسی قیمت پر نیب پر اعتماد نہیں ہے ، نیب احتساب کا نہیں صرف سیاستدانوں کے خلاف انتقام کا ادارہ ہے.

انہوں نے کہا کہ نیب کو اپوزیشن کو جکڑنے کیلئے استعمال کیا جارہاہے. مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کی صف میں شامل ہونے والوں سے این آر او ہوچکا ہے، زیر زمین حرکتیں سامنے آرہی ہیں. انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو نیب کے ذریعے شکنجے میں پھنسایا جا رہا ہے، ان سے متفق ہونے والے حکومت میں ہیں، اختلاف کرنے والوں کے خلاف مقدمات بنائے جا رہے ہیں.

اے پی سی میں شرکت کی دعوت دینے کے حوالے سے ایک سوال پرانہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کل تک نوازشریف سے ملاقات ہو جائے گی جبکہ اس سلسلے میں آصف زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات ہوچکی ہے. جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی شوری کا اجلاس اتوار کو بھی لاہور میں جاری رہے گا جس میں کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد، ملکی سیاسی صورت حال اور پارٹی کی رکنیت سازی کے ایجنڈے پر مشاورت کی جا رہی ہے.