آزاد کشمیر: خاتون نے اپنے شوہر اور 2 بچوں کو قتل کردیا

جمعرات 1 نومبر 2018 23:31

راولا کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2018ء) آزاد جموں و کشمیر کے علاقے راولا کوٹ سٹی تھانے کی حدود میں ہاری حسین کوٹ گاؤں میں خاتون نے اپنے شوہر اور 2 بچوں کو تاحال نامعلوم وجوہات کی بنا پر قتل کردیا۔ضلع پونچھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چوہدری محمد امین کا کہنا تھا کہ 40 سالہ نسرین اختر نے تفتیش کے دوران پہلے جرم سے انکار کیا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے اعتراف جرم کرلیا ،ْمقتولین کی شناخت 45 سالہ محمد طارق اور ان کے بچے، 9 سالہ ماہ نور اور 6 سالہ بلال کے نام سے کی گئی۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ مقتول طارق کے رشتہ دار محمد عارف کی درخواست پر واقعے پر پینل کوڈ کی دفعہ 302، 324، 337 اور 436 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ان کے مطابق درخواست میں محمد عارف کا کہنا تھا کہ انہیں 11 بج کر 20 منٹ پر پتہ لگا کہ طارق کے گھر میں آگ لگی ہے جس کے بعد وہ فوراً دیگر افراد کے ہمراہ وہاں پہنچے جہاں ملزمہ گھر کے باہر کھڑی تھیں جبکہ طارق اور ان کے بچے کمرے میں سر پر سنگین چوٹیں لگنے سے تشویش ناک حالت میں پڑے تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ میں نے جب نسرین اختر سے پوچھا کہ کس نے انہیں زخمی کیا ہے تو انہوں نے بتایا کہ مجھے نہیں معلوم جبکہ انہوں نے گھر کو آگ لگنے کے حوالے سے بھی کوئی اطمینان بخش جواب نہیں دیا تھا۔ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ اس ہی دوران کسی شخص نے علاقے میں پیٹرولنگ پر معمور گاڑیوں کو واقعے کی بذریعہ فون، اطلاع دی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کے جائے وقوع پر پہنچنے پر 6 سالہ بچہ جاں بحق ہوچکا تھا جبکہ بچی اور خاتون کے شوہر زخمی حالت میں تھے تاہم دونوں ہسپتال جاتے وقت راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

انہوں نے بتایا کہ خاتون کو پولیس نے شک کی بنا پر پوچھ گچھ کے لیے تھانے لے گئی تھی جہاں انہوں نے پہلے لاعلمی کا اظہار کیا تاہم بعد ازاں انہوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے تینوں کو سوتے وقت کلہاڑے سے وار کرکے قتل کیا ہے۔ملزمہ نے بتایا کہ انہوں نے بجلی کے ساکٹ میں اپنی انگلی ڈال کر خود کو بھی مارنے کی کوشش کی تھی تاہم وہ ناکام رہیں۔