شہدائے جموں کی بے مثال قربانی تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشتی رہے گی،وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

بھارتی شرپسندوں اور آر ایس ایس کے غنڈوں نے جس طرح جموں کے مسلمانوں کو تہہ تیغ کیا وہ برصغیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے،راجہ مشتاق منہاس

منگل 6 نومبر 2018 15:35

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراطلاعات،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ شہدائے جموں کی بے مثال قربانی تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشتی رہے گی۔بھارتی شرپسندوں اور آر ایس ایس کے غنڈوں نے جس طرح جموں کے مسلمانوں کو تہہ تیغ کیا وہ برصغیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔

وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو میں کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ پاکستان اور سبز ہلالی پرچم کے ساتھ کشمیریوں کی محبت کی بنیاد مضبوط تر ہے۔انہوں نے کہا اس محبت اور یگانگت میں کشمیریوں کا لہو شامل ہے اس لئے وقت کی کوئی بھی لہر پاکستان و کشمیر کے اس اٹوٹ تعلق کو ختم نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا 6 نومبر کو جن ڈھائی لاکھ مسلمانوں کو تہہ تیغ کیا گیا ان کا جرم صرف پاکستان سے محبت تھی۔

(جاری ہے)

آر ایس ایس کے غنڈوں اور بھارتی شرپسندوں نے پاکستان کی محبت کو برداشت نہ کیا اور انہیں بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔وزیر اطلاعات نے کہا آج پوری ریاست اور دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری یوم شہدائ جموں اس عہد کی تجدید کہ ساتھ منا رہے ہیں کہ کشمیری شہداء کی عظیم ترین قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھارتی چنگل سے آزادی حاصل کر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی منزل حاصل کر لیں گے۔