مقبو ضہ کشمیر، حریت چیئر مین کا کربلا اور نجف میں اربعین کے موقع پر مظلوم کشمیریوں کے حق میں مارچ کرنے پر اظہار تشکر

امت مسلمہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد میں برابر کی شریک ہے اور توقع ہے کہ وہ کسی بھی مرحلے پر کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ، اشرف صحرائی

بدھ 7 نومبر 2018 17:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموںو کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے عراق میں اربعین کے موقع پر کربلا میںروضہ امام حسینؓ کے مقام پر کربلا اور نجف کے ملین مارچ میں مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کرنے والے عراق ، ایران ، لبنان ، یمن ،شام اور نائیجریا کے لاکھوں لوگوں اور اس موقع پر موجود کشمیریوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مارچ کے شرکاء نے جموںو کشمیر کے مظلوم ومحکوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کشمیر کی آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے ۔ اربعین ملین مارچ 90کلومیٹر پر مشتمل کربلا اور نجف کے درمیان تاریخی مارچ حضرت امام حسینؓ کی شہادت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اس تاریخی ملین مارچ میں شرکت کرنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم واقعہ کربلا پر غور کرتے ہیں تو یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ حضرت امام حسین نے ملوکیت، بادشاہت، آمریت اور انسانوں کی حکمرانی سے نجات حاصل کرنے کی جدوجہد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ظالم اور مظلوم کی جدوجہد کی تاریخ اور تحریک ہے۔ انہوں نے کہا عراق کے عوامی مارچ میں شریک لوگوں نے مظلوم ومحکوم کشمیری عوام کے ساتھ جس طرح ہمدردی کا اظہار کیا اور بھارتی ظلم وبربریت کے خلاف آواز بلند کی وہ قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا عراق کی سرزمین پر کشمیری عوام کے حق میں احتجاج اور آواز بلند کرنے سے کشمیریوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔

اشرف صحرائی نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ مسلم ممالک کی طرف سے یکجہتی اور ہم نوائی کا یہ حسن عمل آئندہ بھی مظلوم کشمیری عوام کیلئے سیاسی اور سفارتی سطح پر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کی طرف سے کشمیری عوام کی حمایت کے اعلان سے دنیا پر یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ امت مسلمہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد میں برابر کی شریک ہے اور توقع ہے کہ وہ کسی بھی مرحلے پر کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔تحریک حریت کے چیئرمین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز مسلسل تاریخ کربلا دوہرا رہی ہے اور یہاں ہر دن یوم عاشور اور ہر روز روز ِکربلا ہوتا ہے اور ہم ہر روز یزیدیت کا شکار ہورہے ہیں۔