Live Updates

وزیراعظم کا جہانگیرترین اور پرویز الٰہی کی گفتگو کا نوٹس

عمران خان کا لاہور میں قیام بڑھانے پر غور،اتحادی جماعت کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 10 نومبر 2018 17:11

وزیراعظم کا جہانگیرترین اور پرویز الٰہی کی گفتگو کا نوٹس
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 نومبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان نے جہانگیرترین اور پرویز الٰہی کی گفتگو کا نوٹس لے لیا، وزیراعظم نے لاہور میں قیام بڑھانے پر غورشروع کردیا، اتحادی جماعت کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج لاہور کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔وزیراعظم نے لاہور میں شیلٹر ہوم کا سنگ بنیاد رکھا اور تقریب سے خطاب بھی کیا۔

اسی دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور جہانگیرترین کی ملاقات کی اندرونی گفتگو کی ریکارڈنگ سامنے آگئی جس پر وزیراعظم عمران خان اتحادی جماعت اور پارٹی رہنماء جہانگیرترین کے درمیان ہونے والے متنازع گفتگو کا نوٹس لے لیا، وزیراعظم نے لاہور میں قیام بڑھانے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے پارٹی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

جبکہ پرویز الٰہی سے ون آن ون ملاقات میں جہانگیرترین کو بھی شامل کیا جائے گا۔ واضح رہے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات کی ریکارڈنگ فوٹیج سامنے آئی ہے۔ ملاقات میں طارق بشیر چیمہ بھی موجود تھے، چودھری پرویز الٰہی نے جہانگیر ترین سے کہا کہ ’’یار اس سرور نوں کنٹرول کرو‘‘ جس پر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آپ کے چیف منسٹر کو اس نے چلنے نہیں دینا۔

ملاقات میں حمزہ شہباز سے متعلق بھی اظہار خیال کیا گیا جس میں حمزہ شہباز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز عمران خان سے زیادہ مجھ پر تنقیدی حملے کرتے ہیں۔ پہلے رانا ثناءاللہ تھے اب حمزہ شہباز تنقید کررہے ہیں۔ ملاقات میں سینیٹ الیکشن میں درپیش چیلنجز پر بھی غور کیا گیا۔مسلم لیگ ق کی قیادت نے جہانگیرترین سے شکوہ کیا کہ اراکین صوبائی اسمبلی کے تحفظات بڑھ رہے ہیں۔

اراکین اسمبلی کوترقیاتی فنڈ نہیں دیے جارہے ہیں ۔جس پر ارکان اسمبلی پریشان ہیں۔اراکین کے تحفظات دور نہ ہوئے سینیٹ الیکشن مشکل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرائیں فیکٹر الیکشن پر اثر انداز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ارکان کے شکوے دور نہ ہوئے تونقصان ہوگا۔ پی ٹی آئی کے ارکان بھی شکوے کررہے ہیں۔عثمان بزدار کو کامیاب بنانا ہے توان کواختیار ات بھی دینے ہوں گے۔

صوبائی ارکان کے حلقوں کے کام نہیں ہورہے ہیں۔ مزید برآں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ اور صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحالی اور سینیٹ میں پنجاب کی دو سیٹوں پر الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے بڑی محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان جلد قرضوں سے نجات حاصل کر کے خوشحالی کی منزلیں طے کر لے گا، پاکستان کی خوشحالی کے سفر میں ہماری جماعت تحریک انصاف کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات