چینی قونصلیٹ پر حملہ سی پیک کو ناکام بنانے کی سازش لگتا ہے، احمد حسن مغل

کراچی اور اورکزئی بازار میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، صدر اسلام آباد چیمبر

ہفتہ 24 نومبر 2018 14:34

چینی قونصلیٹ پر حملہ سی پیک کو ناکام بنانے کی سازش لگتا ہے، احمد حسن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل، سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کراچی میں چین کے قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے حملے اور اورکزئی بازار میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی جن میں مجموعی طور پر تقریبا 38افراد شہید ہوئے اور بہت سے زخمی ہوئے ہیں ۔

انہوںنے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ دکھ و رنج کی اس گھڑی میں تاجر برادری سمیت پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوںنے کہا کہ چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کا حملہ سی پیک کو ناکام بنانے اور پاکستان و چین کی دوستی کو سبوتاز کرنے کی سازش لگتا ہے کیونکہ ملک دشمن عناصر پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سمیت پوری پاکستانی قوم ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کیلئے افواج پاکستان ، پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں اور انتھک کوششوں سے پاکستان میں دہشت گردی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے جس وجہ سے امن و مان کی صورت حال کافی بہتر ہوئی ہے جو کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے اشد ضروری ہے۔ آئی سی سی آئی کے عہدیداران نے کہا کہ 2001 تا 2017 کے دوران دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو مجموعی طور پر 122ارب ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچا ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس مسئلے نے پاکستان کو کتنا کمزور کیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ابھی بھی ملک دشمن عناصر پاکستان میں امن و امان کے مسائل پیدا کرنے پر تلے ہوئے ہیں تاکہ سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں کاروبار و سرمایہ کاری کے جو بے شمار نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں ان کو سبوتاز کیا جا سکے ۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کاصفایا کرنے کیلئے مزید موثر حکمت عملی وضع کرے اور اس پر پوری طرح عمل درآمد یقینی بنائے تا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کر کے پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری ان کوششوں میں حکومت سے بھرپور تعاون کرے گی کیونکہ امن قائم کر کے ہی پاکستان کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر ڈالا جا سکتا ہے۔