مظفرآباد، سیکرٹریٹ پولیس اسٹیشن کا اڈہ مافیا کے خلاف کریک ڈائون، بینک سکوائراور سپریم کورٹ چوک سے 12 ڈرائیورز گرفتار اور12 گاڑیاں ضبط

پیر 3 دسمبر 2018 23:47

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2018ء) سیکرٹریٹ پولیس اسٹیشن نے اڈہ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے بینک سکوائراور سپریم کورٹ چوک سے 12 ڈرائیوران گرفتار اور12 گاڑیاں ضبط ،ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی۔ ایس ایچ او راشد حبیب مسعودی کے مطابق بینک اسکوائراور سپریم کورٹ چوک میں مزدامالکان اور رکشہ ڈرائیوران نے غیر قانونی طور پر اڈہ قائم کر رکھا تھا جس سے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور عوام الناس کی آمد ورفت میں خلل پیدا ہو رہا تھا ۔

غیر قانونی اڈہ کے خاتمہ کے لئے مسعود الرحمان ڈپٹی کمشنر مظفرآباد، راجہ محمد اکمل خان ایس ایس پی مظفرآباداور محمد آمین ڈی ایس پی سٹی کی ہدایت پر سیکرٹریٹ پولیس کے ایڈیشنل ایس ایچ او شفیق احمد ، طفیل احمد ، ریاض احمد تفتیشی آفیسران ، عبدالحمید ، وسیم قریشی ، شوکت حسین، امجد عزیز ملازمان نے بینک اسکوائر اور سپریم کورٹ چوک میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اڈہ ختم کردیا ۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران 12 ڈرائیوران کو گرفتار کرتے ہوئے گاڑیاں ضبط کر لی گئیں اور ملزمان کے خلاف سرکاری شاہراہ بند کرنے ، ٹریفک اور لوگوں کی آمد ورفت میں خلل ڈالنے کے علاوہ غیر قانونی اڈہ قائم کرنے کی پاداش میں مقدمات کا اندراج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔ مزدا مالکان اور رکشہ ڈرائیوران نے سپریم کورٹ چوک اور بینک اسکوائر چھتر میں غیر قانونی اڈہ قائم کررکھا تھا۔

ڈرائیوران نے سڑک پر مزدے اور رکشے لگا کر لوگوں کی آمد ورفت میں خلل اور کاوٹ پیداکر رکھی تھی ۔ یہ غیر قانونی اڈہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن سے باقاعدہ طور پر منظور شدہ نہ ہونے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی رسک بھی تھا۔ سول سوسائٹی نے سیکرٹریٹ پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے توقع کا اظہار کیاہے کہ پولیس آئندہ بھی اسی طرح اپنے فرائض منصبی دیانتداری اور فرض شناسی سے سر انجام دے گی ۔