Live Updates

صدر الدین ہاشوانی کا ڈیم فنڈ میں 60 کروڑ روپے کا عطیہ

وزیراعظم کی عوامی مفاد کے لیے اتنی بڑی رقم عطیہ کرنے پر صدر الدین ہاشوانی حوصلہ افزائی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 دسمبر 2018 11:04

صدر الدین ہاشوانی کا ڈیم فنڈ میں 60 کروڑ روپے کا عطیہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2018ء) : ہاشو گروپ کے مالک اور پاکستان کے معروف بزنس مین صدر الدین ہاشوانی نے ڈیم فنڈ میں 60 کروڑ روپے کی کثیر رقم عطیہ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز صدرالدین ہاشوانی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ کے لیے 600 ملین روپے کا چیک وزیراعظم عمران خان کو پیش کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے عوامی مفاد کے لیے کثیر رقم عطیہ کرنے پر صدرالدین ہاشوانی کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پانی کے بحران کے خدشے کو ختم کرنے کے لیے حکومت نے ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کو ملک میں شروع ہونے والے آبی پراجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ ملک میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں پانی کی قلت کو پورا کرنے کے لیے ڈیمز فنڈ قائم کیا گیا جس میں پاکستانیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، یہی نہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں سے ڈیم فنڈ میں حصہ ڈالنے کی اپیل کے بعد یہ سلسلہ مزید تیز ہو گیا ۔ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم کئے جانے والے وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کروانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے بنک اکاؤنٹس مخصوص کیے گئے ہیں جس میں عطیے کی رقم جمع کروائی جا سکتی ہے۔اس بنک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ 2018ء (''DIAMER-BHASHA AND MOHMAND DAM FUND –2018'') رکھا گیا ہے اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 ہے جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔ جہاں ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ جمع کروایا جا سکتا ہے۔

گذشتہ ماہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیم فنڈز میں اب تک پاکستانیوں نے 7.09 ارب روپے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں نے 880.23 ملین روپے کے عطیات دیے۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی اس حوالے سے سرفہرست رہے جنہوں نے 334.735 ملین روپے کے عطیات جمع کروائے ، برطانیہ دوسرے نمبر پر ہے جہاں مقیم پاکستانیوں نے 180.317 ملین روپے کے عطیات دیے ہیں، 120 ملین روپے سیلولر کمپنیوں کی ایس ایم ایس سروس سے حاصل ہوئے ۔

حکومت پنجاب کے ملازمین 1.09 ارب روپے کے ساتھ سرفہرست ، پاک فوج 582.071 ملین روپے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ، ہیڈ کوارٹر سی ڈبلیو او ایس پی ڈی 201.093 ملین روپے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ، بحریہ ٹاؤن 110.12 ملین روپے کے ساتھ چوتھے نمبر پر جبکہ پاک فضائیہ 100.28 ملین روپے کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات