بھارتی فوج کی پیلٹ گن کا نشانہ بننے والی کشمیری بچی کی آنکھ کا آپریشن ،ْچھرا نکال لیا گیا

یہ کہنا قبل از وقت ہوگا ننھی حبا دوبارہ اپنی آنکھ سے دیکھ سکے گی یا نہیں ،ْ رپورٹ

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:14

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کی جانب سے پیلٹ گن کے فائر کیے گئے چھرے کا نشانہ بننے والی 20 ماہ کی بچی کے آنکھ سے لوہے کا چھرا نکال دیا گیا۔فرانسیسی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت کے ظلم کی پہچان بننے والی حبا جان کی آنکھ کا آپریشن کردیا گیا تاہم ابھی یہ بات کہنا قبل از وقت ہوگی کہ ننھی حبا دوبارہ اپنی آنکھ سے دیکھ سکے گی یا نہیں۔

(جاری ہے)

لڑکی کے والدین کے مطابق گزشتہ ماہ مظاہرے کے دوران بھارتی فوج اور گاؤں والوں کے درمیان جھڑپوں میں آنسو گیس سے بچنے کے لیے بھاگتے ہوئے بچی کو چھرہ لگا تھا۔رپورٹ کے مطابق بچی کے زخم نے ثابت کیا کہ متنازع علاقے میں بھارتی حکومت کے خلاف مظاہرے، جو اکثر پرتشدد صورتحال اختیار کرجاتے ہیں ،ْمیں پیلٹ گنز کا استعمال کیا جاتا رہا ہے۔سری نگر کے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں حبا کا آپریشن کرنے والے سرجن کے مطابق ہم نے پیلٹ گن کے چھرے کو نکال لیا ہے تاہم بچی کی آنکھ بہت بری حالت میں ہے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ڈاکٹر نے بتایا کہ ایک نومولود جس کی بینائی کا معائنہ نہیں کیا جاسکتا ،ْکے بارے میں یہ کہنا کہ سرجری کامیاب رہی، فی الوقت ممکن نہیں۔