مقبوضہ کشمیر، کرفیو اور دیگر سخت پابندیوں کے باوجودپلوامہ میں شہیدنوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

اتوار 16 دسمبر 2018 18:40

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں ہزاروںلوگوں نے کرفیو اور دیگر پابندیوں کی پروا کئے بغیربھارتی فورسز کے ہاتھوں شہیدہونے والے نوجوانوںکی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پورے ضلع میں بھاری تعداد میںبھارتی فورسز کی تعیناتی کے باوجود ہزاروں لوگوں نے شہیدنوجوانوں کا آخری دیدار کرنے کے لیے ان کے آبائی علاقوں کا رخ کیا۔

جنوبی کشمیر کے نزدیکی اور دوردراز علاقوں سے خواتین ،بزرگوںاور بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعدادشہیدنوجوانوں کے آبائی علاقوں کی طرف امڈ آئی اوربھارت کی ریاستی دہشت گردی کا تازہ نشانہ بننے والوں کے کفن دفن میں شرکت کی۔ آٹھ شہداء کو ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں آنسوئوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔

شہید ظہور احمد ٹھوکر اور شہیدعابد حسین لون کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔شہید نوجوانوںکی شہادت پر پوری وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز ضلع پلوامہ کے علاقے کھر پورہ سرنو میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں پر گولیاں ،پیلٹ اور آنسو گیس کے گولے فائر کرکی10کشمیری نوجوانوں کو شہیدکیا تھا۔