16دسمبر کا دن دہشتگردی، پاکستان کی سالمیت، دفاع اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تجدید عہد کا دن ہے‘ نواز شریف

افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ہمارے دور میں دہشتگردی کے خلاف بننے والی حکمت عملی پر بھرپور عملدرآمد کرایا

اتوار 16 دسمبر 2018 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد وسابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کا دکھ آج بھی پوری قوم کے دل میں تازہ ہے،اس افسوسناک واقعہ کے نتیجے میں جن مائو ں کی گود اجڑی پوری قوم ان کے غم میں شریک ہے۔سانحہ اے پی ایس کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے اصل ہیروز شہداء اور ان کے اہلخانہ، ان کی مائیں، بیویاں اور بچے ہیں،اے پی ایس دہشتگردی کے خلاف اور امن کے لئے پورے پاکستان کے عزم کا دن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 16دسمبر کا دن دہشتگردی، پاکستان کی سالمیت، دفاع اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تجدید عہد کا دن ہے۔دہشتگردی کے خلاف پاکستان نے جس عزم، ہمت اور جرات سے جنگ لڑی ہے، دنیا میں اس کی مثال نہیں،ہماری عظیم قربانیوں کی وجہ سے ہی امن کی روشنی چارسو پھیلی۔انہوںنے کہا کہ شہداء نے دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں دیں۔مسلح افواج، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہمارے دور حکومت میں دہشتگردی کے خلاف بننے والی حکمت عملی پر بھرپور عمل درآمد کرایا۔اللہ تعالی شہداء کو اعلی وارفع مرتبے عطا فرمائے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر دے۔