علی رضا عابدی کے قتل کے تانے بانے الطاف حسین سے جا ملے

بانی ایم کیو ایم نے کچھ روز قبل ہی متحدہ لندن کے دہشت گردوں کو کراچی کا امن خراب کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا جس کے بعد پہلے پی ایس پی کے دفتر پر حملہ ہوا، بعد ازاں علی رضا عابدی کو قتل کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 26 دسمبر 2018 21:05

علی رضا عابدی کے قتل کے تانے بانے الطاف حسین سے جا ملے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 دسمبر2018ء) علی رضا عابدی کے قتل کے تانے بانے الطاف حسین سے جا ملے، بانی ایم کیو ایم نے کچھ روز قبل ہی متحدہ لندن کے دہشت گردوں کو کراچی کا امن خراب کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا جس کے بعد پہلے پی ایس پی کے دفتر پر حملہ ہوا، بعد ازاں علی رضا عابدی کو قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما علی رضا عابدی کے قتل کے تانے بانے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سے جا ملے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بانی ایم کیو ایم نے کچھ روز قبل ہی سوشل میڈیا پر ایک اشتعال انگیز ویڈیو پیغام جاری کیا تھا۔ اپنے پیغام میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین نے حسب روایت متحدہ لندن کے دہشت گردوں کو کراچی کا امن خراب کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سیاست سے مکمل طور پر باہر ہو جانے والے دشمن پاکستان الطاف حسین ہر قیمت پر کراچی کا امن خراب کرنے پر تل گیا ہے۔

الطاف حسین کی جانب سے متحدہ لندن کے دہشت گردوں کو دیے جانے والے احکامات کے بعد ہی پہلے پاک سرزمین پارٹی کے دفتر پر حملہ ہوا جس میں 2 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ اس کے بعد گزشتہ روز علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملہ ہوا جس کے نتیجے میں وہ بھی جاں بحق ہو گئے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے سابق رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل کیس کی تحقیقات کے دوران اب تک کی سب سے بڑی پیش رفت نے بھی اس قتل کی واردات میں الطاف حسین کے ملوث ہونے کا امکان واضح کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سابق رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے مبینہ قاتلوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ رینجرز اور کراچی پولیس کی جانب سے کراچی کے ضلع وسطی میں حساس اداروں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کاروائی کی گئی ہے۔ اس کاروائی کے دوران متحدہ لندن کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے متحدہ لندن کے دونوں دہشت گرد ہی علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث ہیں۔ گرفتار کیے گئے دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب سابق رُکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کو نامعلوم مسلح افراد نے کراچی میں فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ کراچی پولیس کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان غازی میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق علی رضا عابدی جیسے ہی دفتر سے اپنے گھر کے قریب پہنچے تو ان پر فائرنگ کی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق  علی رضا عابدی پر فائرنگ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کیجو فوری فرار  ہوگئے۔ فائرنگ کی زد میں آ کر علی رضا عابدی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے پی این ایس شفا ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے تھے اور کئی اہم شواہد چند ہی گھنٹوں میں اکٹھے کر لیے تھے۔

 واضح رہے کہ علی رضا عابدی 2013 کے عام انتخابات میں میں کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 251 سے 81 ہزار603 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے۔ تاہم 2018 کے انتخابات میں انہیں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد ان کے اپنی پارٹی سے راستے جدا ہوگئے تھے۔