Live Updates

مولانا سمیع الحق کی شہادت میں امریکی اوربھارتی سازش کارفرما ہے ،ْ دفاع پاکستان کونسل

مولانا کے قاتلوں کی گرفتاری حکومت پاکستان پر قرض ہے ،ْافغان طالبان اپنے موقف پر قائم رہ کر حکومت کی بجائے امریکہ سے مذاکرات کریں ،ْ امریکہ افغانستان کی حکومت طالبان کے حوالے کرے ،ْ مقررین کا خطاب

جمعرات 10 جنوری 2019 18:52

مولانا سمیع الحق کی شہادت میں امریکی اوربھارتی سازش کارفرما ہے ،ْ دفاع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2019ء) دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام مولانا سمیع الحق شہید کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاہے کہ مولانا کی شہادت میں امریکی اوربھارتی سازش کارفرما ہے ،قاتلوں کی گرفتاری حکومت پاکستان پر قرض ہے ،ْافغان طالبان اپنے موقف پر قائم رہ کر حکومت کی بجائے امریکہ سے مذاکرات کریں ،ْ امریکہ افغانستان کی حکومت طالبان کے حوالے کرے۔

گزشتہ روز نیشنل پریس کلب کے سامنے منعقدہ کانفرنس میں امیر جمعیت علماء اسلام( س )و چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا حامد الحق حقانی، چیف کوارڈنیٹر دفاع پاکستان کونسل محمد یعقوب شیخ، انصار الامہ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل، مولانا ابو الخیر زبیر، امیر متحدہ جمعیت اہلحدیث سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، عبداللہ حمید گل سمیت دفاع پاکستان کونسل میں شامل مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا حامد الحق حقانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا سمیع الحق شہید اسلام و پاکستان ہیں انہیں امریکہ،بھارت اور عالمی استعمار نے شہید کرایا ،مولانا سمیع الحق امن کی سزا دی گئی ہے،یہ افواج پاکستان کے خلاف بھی سازش تھی،مولانا سمیع الحق کی شہادت خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔انہوں نے سوال کیاکہ حکومت افغانستان، بھارت اور امریکہ سے بات کیوں نہیں کرتی ،اگر لاپرواہی برتی گئی اور کوئی واقعہ ہوا تو پاکستان کے استحکام کو خطرہ لاحق ہوجائے گا ،ان کاکہنا تھاکہ مجھے بھی سیکورٹی خطرات لاحق ہیں۔

مولانا حامد الحق نے مطالبہ کیا کہ افغانستان میں حکومت طالبان کے حوالے کی جائے اور طالبان صرف امریکہ سے مذاکرات کریں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان ریاست مدینہ کے نعرے ہی نہ لگائیں عمل بھی کریں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اہلسنت و الجماعتمولانا اورنگزیب فاروقی نے کہاکہ مولانا سمیع الحق نے ہر دور ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا،مولانا کا قتل گہری سازش ہے ان کے قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے شہید کے قاتلوں کی گرفتاری حکومت پر قرض ہے، ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیرنے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر کسی کو معلوم کہ مولانا سمیع الحق کو کون رکاوٹ سمجھتا تھا ،مولانا سمیع الحق نے پاکستان کو سیکولر بننے سے بچایا ،مولانا سمیع الحق کے نظریے نے امریکہ کو افغانستان میں شکست دے دی۔

چیف کوارڈنیٹر دفاع پاکستان کونسل محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ مولانا سمیع الحق مفسر، مدبر شیخ الحدیث، ماہر سیاستدان پارلیمنٹیرین تھے ،مولانا سمیع الحق کی ملی، قومی و دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انہوں نے اتحاد امت اور دنیا میں امن وامان کے قیام کیلئے کوششیں کیں،مولانا سمیع الحق پاکستان کا درد رکھنے والے شخص تھے جنہوں نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے مقابلے میں دفاع پاکستان کونسل کا اتحاد بنا کر مضبوط پیغام دیا ،ہم مولانا سمیع الحق کا مشن جاری رکھیں گے۔

چیئرمین تحریک حرمت رسول مولانا امیر حمزہ نے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل نے پاکستان کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا،افغانستان آج بھی محفوظ ہے لیکن اس کو توڑنے والے شکست خوردہ ہے،بھارت کو افغانستان میں کردار دینے کی کوشش بری طرح ناکام ہوئی ہے، پاکستان کی اسلحہ سازی اور ٹیکنالوجی نے خاطر خواہ ترقی کی ہے۔چیئرمین نوجوانان پاکستان عبد اللہ حمید گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے والی ہے،امریکہ کو افغانستان میں شکست ہوچکی ہے ان کا کہنا تھاکہ مولانا سمیع الحق کی منزل اسلام آباد نہیں اسلام تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات