Live Updates

ہم نے اپوزیشن کا حصہ ہوتے ہوئے کبھی وزیراعظم کے منصب کی توہین نہیں کی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا قومی اسمبلی میں اٹھائے گئے نکات کا جواب

جمعرات 17 جنوری 2019 16:00

ْ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ ادارے ہمارے دست و بازو ہیں تاہم ملک ایک سیاستدان نے بنایا ہے ‘ سیاستدان بھی ایسا جس کی ایمانداری کی گواہی سب لوگ دیتے ہیں‘ ہمیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی بجائے باہمی احترام کو یقینی بنانا ہوگا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں سید خورشید شاہ کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن کا حصہ ہوتے ہوئے کبھی وزیراعظم کے منصب کی توہین نہیں کی، ہم سب سیاسی ورکرز ہیں، پیپلز پارٹی کے ارکان ذوالفقار علی بھٹو کے وارث ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان کے لیڈر نواز شریف ہیں، ملک آج اگر ایٹمی قوت ہے تو اس میں دیگر چند لوگوں کے ساتھ ذوالفقار علی بھٹو کا بہت بڑا کردار تھا، میرے دادا نے قائداعظم کے ساتھ مل کر ملک بنایا‘ ہمیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی بجائے ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے، احتساب کے لئے ہم سب کو تیار ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

اگر عمران خان پر کرپشن اور احتساب کا سوال اٹھا تو وہ جواب دے گا۔ وزیراعظم عمران خان ایوان میں آئیں گے اور ارکان کے سوالوں کے جواب دیں گے، لیڈر وہ ہوتا ہے جو امید دیتا ہے، عمران خان نے پہلی دفعہ ہمیں امید دی ہے، فوج اور ادارے ہمارے دست و بازو ہیں تاہم ملک ایک سیاستدان نے بنایا تھا مگر سیاستدان وہ ہونا چاہیے جس کی ایمانداری کی سب گواہی دیتے ہیں۔

قبل ازیں سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف دونوں کی ایوان میں موجودگی پارلیمنٹ کی اصل خوبصورتی ہے۔ وزیراعظم کو پارلیمنٹ میں قانون سازی کی بات ٹویٹر پر نہیں کرنی چاہیے۔ حکومت بنے پانچ ماہ مکمل ہوگئے ہیں، قانون سازی کا عمل سب کے سامنے ہے۔ ملک کی معیشت تباہ حالی کا شکار ہے‘ ہم آئین‘ قانون‘ این ایف سی ایوارڈ اور معیشت کی بات کرتے ہیں، ملک میں 88 فیصد قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔ وزیراعظم کو ایوان میں آنا چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات