Live Updates

جرمنی کی نئے پاکستان کے معاشی ایجنڈے میں تعاون کی آفر

حکومت بتائے نئے پاکستان کے ایجنڈے میں جرمنی کیسے تعاون کرسکتا ہے؟ وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر سے جرمن سفیر مارٹن کوبلرکی ملاقات میں گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 17 جنوری 2019 20:38

جرمنی کی نئے پاکستان کے معاشی ایجنڈے میں تعاون کی آفر
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 جنوری2019ء) جرمنی نے نئے پاکستانی معاشی ایجنڈے میں تعاون کی آفر کردی، جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا کہ حکومت بتائے نئے پاکستان کے ایجنڈے میں جرمنی کیسے تعاون کرسکتا ہے؟ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر سے پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارتں کوبلر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر سے ملاقات کے بعد جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کے ساتھ آج سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ حکومت میں موجود اس قدر مہارت دیکھ کر خوشی ہوئی۔ بڑے اقتصادی مسائل، آئی ایم ایف اور پاکستان میں جرمن سرمایہ کاری پرتبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس پر بات بھی کی کہ نئے پاکستان کے ایجنڈا میں جرمنی کیسے تعاون کر سکتا ہے۔

مزید برآں دنیا کی بڑی زرعی کمپنی کارگل پاکستان میں20 کروڑڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین کارگیل ایشیاء کمپنی مارشل سمٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان سے سرمایہ کاری سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ کارگل نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعظم نے کمپنی کی طرف سے سرمایہ کاری کی خواہش کا خیرمقدم کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں کاروبارکوآسان بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کارگل زراعت، تجارت، خوردنی تیل، گوشت، ڈیری اورلائیواسٹاک فیڈ میں سرمایہ کاری کرے گی۔ کمپنی 2012ء سے پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی تھی۔ کارگل حکام نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کے باعث6سال سرمایہ کاری رکی رہی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کومائیکروسافٹ کے بانی کی جانب سے ارسال کردہ  خط میں بل گیٹس نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ خط کے متن کے مطابق مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا کہ مائیکروسافٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتا ہے۔ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مائیکروسافٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرسکتا ہے۔ بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے کوششوں کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان میں پولیو کے خاتمے اور صحت عامہ کے شعبے میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات