سندھ اسمبلی اجلاس،کورم پورا نہ ہونے کے سبب اجلاس کی کارروائی پیر کی دوپہر2بجے تک ملتوی

اجلاس کے اچانک التوا پراپوزیشن کا سخت احتجاج، کورم پورا کرنا صرف اپوزیشن کی نہیں بلکہ سرکاری ارکان کی بھی ذمہ داری ہے، فردوس شمیم نقوی یہ چوروں اور لٹیروںکی حکومت ہے ،مرادعلی شاہ اور بلاول بھٹو کیخلاف ثبوت ہیں،اب انکی باری آچکی ہے انکو اب جیل جاناپڑیگا، قائد حزب اختلاف سندھ

جمعرات 17 جنوری 2019 23:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے جمعرات کو ایوان میںکورم پورا نہ ہونے کے سبب اجلاس کی کارروائی پیر کی دوپہر2بجے تک ملتوی کردی اور وہ اپنی نشست سے اٹھ کر چلے گئے۔سندھ اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے اجلاس کے اچانک التوا پر پر سخت احتجاج کرتے ہوئے اسے حکومتی بدنیتی سے تعبیر کیا۔

قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ کورم پورا کرنا صرف اپوزیشن کی نہیں بلکہ سرکاری ارکان کی بھی ذمہ داری ہے۔ جمعرات کو سندھ اسمبلی کا اجلاس اپنے مقررہ وقت پر صبح شروع ہوا تو ایوان میں محض چند ارکان موجود تھے جبکہ سرکاری اور اپوزیشن ارکان کی زیادہ تر نشستیں خالی پڑی ہوئی تھیں اس موقع پر اسپیکر آغا سراج درانی نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ ان کے بار بار کے انتباہ کے باوجود ارکان وقت پر نہیں آتے اور اکثر ایوان کی کارروائی تاخیر سے شروع ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی کورم پورا نہیں جس کے بعد اسپیکر نے ایوان کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے پیر کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا اور وہ اپنی نشست سے اٹھ کر چلے گئے۔اپوزیشن سمیت دوسرے ارکان جب حسب معمول تاخیر سے سندھ اسمبلی پہنچے تو یہ سن کر سٹپٹاکر رہ گئے کہ اسپیکر صبح سویرے ایوان میں آئے اور اجلاس ملتوی کرکے چلے گئے۔ اجلاس کے التوا کے بعد سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے اجلاس کے اچانک التوا پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایوان میںکورم پورا نہ ہوتو ذمہ دار حکمران جماعت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ پیپلزپارٹی کے 42ارکان کی رکنیت الیکشن کمیشن نے معطل کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر روزانہ ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ اجلاس تاخیر سے شروع کرتے ہیں،آج ایسا کیا ہوا کہ اجلاس اچانک ملتوی کردیا گیا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی قوم کے ٹیکس کاپیسوں پر عیاشی کررہی ہے ۔فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ یہ چوروں اور لٹیروںکی حکومت ہے ،مرادعلی شاہ اور بلاول بھٹو کیخلاف ثبوت ہیں،اب انکی باری آچکی ہے انکو اب جیل جاناپڑیگا، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ارکان کو اپنے اثاثے اور ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مہلت دی لیکن پی پی والے جمع نہ کراسکے ،یہ سندھ کے وزر ا اب نااہل ہونگے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری اتنے بھی معصوم نہیں ہیں،بلاول زرداری ٹوئٹ سے زیادہ کارکردگی پرتوجہ دیں اوراثاثے جمع نہ کرانیوالے اپنے ارکان کا نوٹس لیں۔ اس موقع پر جی ڈی اے کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے کہا کہ حکومت کے ہرایکشن کے پیچھے بدنیتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی رکن کورم کی نشاندہی نہ کرے تو اسپیکر کو اجلاس چلانا چاہئے۔ جی ڈی اے کے عارف مصطفی جتوئی نے اجلاس کے التوا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی نے قواعد پر عمل نہیں کیا،آج ہماری اہم قرارداد اسمبلی میں آنے والی تھی۔