پولیس کو نہتے شہریوں پر فائرنگ کا حق کس نے دیا پنجاب پولیس میں اصلاحات لائینگے ،وزراء ، ارکان پارلیمنٹ

جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد ساہیوال واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا ضرور ملے گی ، عوام امید رکھیں منی بجٹ سے غریب پر بوجھ نہیں پڑے گا ، زرتاج گل ، زبیدہ جلال ، راجہ ریاض ،ریاض فتیانہ کی گفتگو

منگل 22 جنوری 2019 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) وزر اء اور تحریک انصاف کے ارکان نے سانحہ ساہیوال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس کو نہتے شہریوں پر فائرنگ کا حق کس نے دیا پنجاب پولیس میں اصلاحات لائینگے ، جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد ساہیوال واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا ضرور ملے گی ، عوام امید رکھیں منی بجٹ سے غریب پر بوجھ نہیں پڑے گا ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زر تاج گل ، رکن اسمبلی ریاض فتیانہ ،وفاقی وزیر زبیدہ جلال اور رکن اسمبلی راجہ ریاض نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا کہ سانحہ ساہیوال کی رپورٹ آنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، عوام جے آئی ٹی کی رپورٹ کے منتظر ہیں، ساہیوال واقعہ کے بعد پنجاب پولیس بار بار عوام کو کہانیاں سنا رہی ہے، پولیس کو بلاوجہ عوام پر گولیاں مارنے کے حق کس نے دیا، پنجاب پولیس میں اصلاحات لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب پولیس ساہیوال میں گاڑی کا پیچھا کر رہی تھی تو اس وقت سمجھ نہیں سکی کہ یہ عام لوگ ہیں، دہشت گرد ن ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فنانس بل کے ذریعے عوام کو ریلیف دیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے کہا کہ ضمنی بجٹ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، (آج) بدھ کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ میں توقع کے مطابق ٹیکس جمع نہیں کیا جا سکا، عوام کی حکومت ہے عوام کو ریلیف دے گی۔ ریاض فتیانہ نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے، ساڑھے چار فیصد ایکسپورٹ بڑھی ہے، چیزوں کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں، عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا کہ عوام امید رکھیں، غریب پر بوجھ نہیں پڑے گا، متوسط طبقہ کی بہتری کے لئے جامع پالیسیاں بنائی جا رہی ہیںکہ اس طبقہ کو کسی طرح ریلیف دیا جائے، کم آمدنی والے لوگوں پر بھی کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز اور پاکستان کا چہرہ ہے، اس کی صفائی کو یقینی بنانے کے لئے سندھ حکومت اپنا کردار ادا کرے، جب میونسپل کمیٹی اس حوالے سے مثبنت کردار ادا کرے۔ زبیدہ جلال نے کہا کہ پولیس کی جانب سے موٹرسائیکل سواروں پر ہیلمٹ پہننے پر عملدرآمد کروا رہی ہے، موٹرسائیکل سواروں کو اپنی جان کی حفاظت کے لئے ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں، حادثہ کے نتیجہ میں ہیلمٹ کا استعمال کرنے والے کسی بڑے حادثہ سے بچ سکتے ہیں، جب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پٹرول پمپ پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کو پٹرول نہ دینے کا اچھا فیصلہ ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے قرضوں سے ملک کو چلایا جبکہ ڈالر کی قدر کو مصنوعی طور پر روکے رکھا جس کا خمیازہ آج عوام بھگت رہی ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک بھر میں ٹیکس نیٹ ورک بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنانس بل سے مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا، ٹیکس میں کمی لائی جائے گی، حکومت چاہتی ہے کہ مقامی صنعتوں کو ریلیف ملے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال کی رپورٹ آنے کے بعد واقعہ میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے جبکہ غمزدہ خاندان کو ضرور انصاف ملے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ فنانس بل سے عوام کو ریلیف ملے گا، اس سے مہنگائی نہیں نہیں ہو گی، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کے بعد قومی خزانہ خالی تھا، حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑے مگر فنانس بل سے عوام کو ریلیف ملے گا، بیرون ممالک سے ملنے والے پیکج کا فائدہ عوام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بلوچستان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا، حکومت نے حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے لئے امداد کا اعلان کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد کا نعم البدل کچھ نہیں لیکن حکومت نے لواحقین کی مدد کا اعلان کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ راجہ ریاض نے کہا کہ ساہیوال واقعہ کی رپورٹ آنے کے بعد واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کو ضرور سزا ملے گی۔