سعودی عرب کا وفد اگلے ماہ پاکستان آئے گا، دورے دوران 14 ارب کی سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے ،شاہ محمودقریشی

سعودیہ 3ارب ڈالر کا تیل ادھار دینے پر آمادہ ہوگیا ہے،قطر آئندہ ہندوستان کی بجائے پاکستان سے اجناس خریدے گا،پاکستان کا مفاد اور خطے میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے،نیک نیتی سے جنوبی پنجاب صوبہ بنانا چاہتے ہیں، ملکی معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے، تحریک انصاف کی حکومت میرٹ اور انصاف کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے،وزیرنے ملتان میں مصروف دن گزارا، این اے 156کی مختلف یونین کونسلوں میں استقبالیہ تقاریب ، وفود سے ملاقات اور مختلف یونین کونسلوں کے دورے

ہفتہ 26 جنوری 2019 20:47

سعودی عرب کا وفد اگلے ماہ پاکستان آئے گا، دورے دوران 14 ارب کی سرمایہ ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا وفد اگلے ماہ پاکستان آرہا ہے،سعودی حکمران دورے پاکستا ن کے دوران 14 ارب کی سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے، جبکہ سعودیہ 3ارب ڈالر کا تیل ادھار دینے پر آمادہ ہوگیا ہے، وزیراعظم پاکستان کا قطر کا دورہ کامیاب رہا ہے قطر آئندہ ہندوستان کی بجائے پاکستان سے اجناس خریدے گا، امیر قطر نے ہائوسنگ ، زراعت ، سیاحت سمیت کئی شعبوں میں معاہدوں اور سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

عرب امارات سے 3ارب ڈالر لینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت دوست ممالک نے ہمیں امداد اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے اور مختلف منصوبے شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے جس سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاتحریک انصاف کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔

پاکستان کا مفاد اور خطے میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ ملکی خارجہ پالیسی میں جدت لا رہے ہیں۔ قبل ازیں ہمارے سفارت کار ایک مخصوص دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرتے تھے لیکن اب سفارت کاروں کوخارجی سفارت کاری کے ساتھ معاشی سفارت کاری اور سائنسی سفارت کاری کی نئی جہتوں پر بھی بھرپور توجہ دینا ہوگی۔ معاشی سفارت کاری کی بدولت پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت اوپر جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156کی مختلف یونین کونسلوں میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقاریب ، وفود سے ملاقات اور مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں سے ملاقات کی۔ ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہاجنوبی پنجاب صوبہ اٹل حقیقت ہے۔

نیک نیتی سے جنوبی پنجاب صوبہ بنانا چاہتے ہیں۔ مگر مچھ کے آنسو بہانے والے فسادی لوگ صوبے کے نام پر لڑانا چاہتے ہیں۔ جنوبی پنجاب کی عوام نے 2018ئ کے انتخابات میں بھاری مینڈیٹ دیا ہے۔ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے اور یہاں کی عوام کی خواہش کے مطابق جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے ہوم ورک کا آغاز کردیا گیا ہے۔

جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کی مشاورت کے بعد جلد ہی متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ انتظامی طور پر جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ کا قیام اور جنوبی پنجاب کے لیے علیحدہ ترقیاتی بجٹ کا اعلان جنوبی پنجاب صوبے کی طرف پیش رفت ہے۔ اسمبلی میں نئے صوبے کے لیے قانون سازی کیلئے دوسری جماعتوں کا تعاون درکار ہے۔ امید ہے اس مسئلے پر تمام سیاسی جماعتیں تحریک انصاف کا ساتھ دیں گی۔

جس سیاسی جماعت نے اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی مخالفت کی تو جنوبی پنجاب کے 13اضلاع کی عوام انہیں بری طرح مسترد کریں گے۔ اور جنوبی پنجاب میں انہیں قدم نہیں رکھنے دیں گے۔ انہوں نے کہا ایک طویل عرصہ بعد بجٹ کو عوام کے ہر طبقے نے سراہا ہے۔یہ تحریک انصاف کی حکومت کی5ماہ کی کارکردگی کا نتیجہ ہے اب ملکی معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے جو اب رک نہیں سکتا۔

تحریک انصاف کی حکومت عوام دوست حکومت ہے ہم عوام دوست پالیسیاں بنا رہے ہیں جس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے اور عوام ملک میں مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت میرٹ اور انصاف کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے۔ سانحہ ساہیوال پر دلی طور ر صدمہ ہوا لیکن میں یقین دلاتا ہوں غفلت کے مرتکب سی ٹی ڈی اہلکاروں کو ان کے جرم کے مطابق سزا دی جائیگی تاکہ مستقبل ایسا واقعہ رونما نہ ہوسکے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے این اے 156 میں مصروف دن گزارا۔ وہ پی ٹی آئی رہنما راجہ عبدالغفار کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی عیادت کی۔ سابق ٹکٹ ہولڈر ملک اختر بھٹہ کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی عیادت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ یوسی 47 میں فیاض رحمانی کی صاحبزادی کی شادی پر مبارک باد دینے ان کی رہائش گاہ پر گئے۔ یوسی 47کے چیئرمین شیخ طاہر کی رہائش گاہ پر استقبالیے میں شرکت کی اور ان کے بھانجے کی شادی پر مبارک باد دی۔

یونین کونسل 47اور یونین کونسل43 میں وفات پا جانے والے مختلف شخصیات کی رہائش گاہوں پر گئے اور انتقال پر فاتحہ پڑھی۔ یوسی 52 میں خضر بلوچ کی رہائش گاہ پر استقبالیے میں شرکت کی۔ یوسی 51 میں رانا توفیق کی رہائش گاہ پر اسقبالیے میں شرکت کی۔ یونین کونسل 50میں وفات پا جانے والے مختلف شخصیات کی رہائش گاہ پر گئے اور ایصال ثواب کے لیے فاتحہ پڑھی۔