Live Updates

حج اخراجات میں ڈیڑھ لاکھ روپے اضافہ کو ظالمانہ اقدام ہے ،سکندرشیرپائو

کرنٹ اکائونٹ خسارہ بلند اور مہنگائی بڑھنے کا جو خدشہ ظاہر کیا گیا اس سے حقیقتاً غریب عوام کی مشکلات بڑھے گی

ہفتہ 2 فروری 2019 18:37

حج اخراجات میں ڈیڑھ لاکھ روپے اضافہ کو ظالمانہ اقدام ہے ،سکندرشیرپائو
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) قومی وطن پارٹی کے رہنماء سابق سینئرصوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائونے حج اخراجات میں ڈیڑھ لاکھ روپے اضافہ کو ظالمانہ اقدام قراردیتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ بنانے کے دعویدار مدینے جانا مشکل بنا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل شوڈاگ میں شہید قائد حیات محمد خان شیرپائو کی برسی کی تیاریوں اور پارٹی کی رکنیت سازی مہم کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سکندر شیرپائو نے عظیم قائد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جس عظیم مقصد کیلئے قربانی دی تھی ان کے نقش قدم پر چل کر ان کے مشن کو پورا کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کا سمت معلوم نہیں ایک طرف مدینہ طرز ریاست کیلئے تجاویز تیار کرنے کے دعوے کر رہی ہے تو دوسری طرف حج پر سبسڈی ختم کرکے اخراجات میں ڈیڑھ لاکھ روپے اضافہ کردیا گیاجس سے ان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے سٹیٹ بنک رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ بلند اور مہنگائی بڑھنے کا جو خدشہ ظاہر کیا گیا اس سے حقیقتاً غریب عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ اور ان کی مشکلات بڑھے گی ۔انھوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے بیان جس میں انھوں نے کہا ہے کہ پختونخوا کی تبدیلی مزید آگے بڑھائیں گے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قوم کوپی ٹی آئی کی تبدیلی کے نام سے خوف پیدا ہو گیا ہے کیونکہ تبدیلی کے دعویداروں نے غریب عوام کومہنگائی و بے روزگاری اور مشکلات کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہو گئی اور ہر طبقہ کے لوگ مہنگائی اور بے روزگاری سے متاثر ہو رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات