پاکستان میں بارشیں اوربرفباری رحمت بن کربرسی ہے، عمران خان

بارشوں اور برفباری سے پانی کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، بروقت بارشیں خریف کی فصلوں کیلئے بھی انتہائی مفید ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ فروری 18:46

پاکستان میں بارشیں اوربرفباری رحمت بن کربرسی ہے، عمران خان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بارشیں اوربرف باری رحمت بن کربرسی ہے،بارشوں اور برفباری سے پانی کے ذخائر میں اضافہ ہوگا،بروقت بارشیں فصلوں کیلئے بھی مفید ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بارشوں اور برفباری پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بارشیں اوربرف باری رحمت بن کربرسی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی بارشیں اور برف باری حقیقتاً اللہ رب العزت کا انعام ہیں۔ ہماری پیداوار خصوصاً بارانی فصلوں کیلئے یہ بارشیں بالکل بروقت ہیں۔ ان بارشوں سے زیر زمین پانی کی سطح ہی بلند نہیں ہو گی بلکہ برف پگھل کر دریاؤں کا حصہ بھی بنے گی۔
واضح رہے حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی کیلئے عملی کاوشیں شروع کردی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران کی زیر صدارت گزشتہ روز ایگریکلچر اور فوڈ پراسسنگ سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں وزیر اعظم نے ملک میں زراعت کے شعبے کو مستحکم کرنے اور ملکی زراعت کے فروغ کے سلسلے میں چائنا سمیت دوست ملکوں کی جانب سے ٹیکنالوجی و دیگر معاونت سے بھرپور طریقے سے استفادہ کرنے کیلئے صوبوں سے سفارشات طلب کر لیں۔ صوبوں کو ایک ہفتے میں اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زراعت کے شعبے کا فروغ اولین ترجیح ہے۔ زراعت کے شعبے میں ملکی صلاحیت سے مکمل طور پر مستفید ہونے کے سلسلے میں وفاقی حکومت اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی صوبائی حکومتیں زراعت کے فروغ اور خصوصا زراعت کے شعبے میں برآمدات بڑھانے کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات کی نشاندہی کریں۔ زرعی شعبے کی ترقی کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن زینگ چن نے ملاقات کی۔ چینی کمینی کے چیئرمین نے کمپنی کے پاکستان میں منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔