چین کی جانب سے پاکستان کو مزید مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ

چین پاکستان کو ڈھائی ارب ڈالرز فراہم کرے گا، جس سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو گا، جبکہ بیرونی ادائیگیوں کا بوجھ بھی کم ہوگا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 فروری 2019 21:53

چین کی جانب سے پاکستان کو مزید مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2019ء) چین کی جانب سے پاکستان کو مزید مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ، چین پاکستان کو ڈھائی ارب ڈالرز فراہم کرے گا، جس سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو گا، جبکہ بیرونی ادائیگیوں کا بوجھ بھی کم ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چین نے مشکل وقت میں ایک مرتبہ پاکستان کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چین نے حقیقی دوست ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستان کو نرم شرائط پر مزید قرضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چین پاکستان کو ڈھائی ارب ڈالرز کا قرضہ دے گا۔ جلد ہی چین پاکستان کے اکاونٹس میں ڈھائی ارب ڈالرز منتقل کر دے گا۔ چین کے اس اقدام سے ناصرف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ ہوگا، بلکہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں بھی کمی ہوگی۔

(جاری ہے)

یوں اس باعث ملک میں جاری مہنگائی کا طوفان بھی کسی حد تک تھم جائے گا۔

چین نے گزشتہ برس بھی جولائی کے ماہ میں پاکستان کو 2 ارب ڈالرز کا قرضہ فراہم کیا تھا، جبکہ اب پھر چین پاکستان کو ڈھائی ارب ڈالرز دینے کیلئے راضی ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے اقتصادی ماہرین نے بتایا ہے کہ یہ امر حیران کن ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ کوئی حکومت آئی ایم ایف کے پاس جائے بنا ہی تجارتی خسارے پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ پاکستان دوست ممالک چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے آسان شرائط پر 14 ارب ڈالرز تک کا پیکج حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، اسی باعث ملک کا تجارتی خسارہ بھی تیزی سے کم ہو رہا ہے۔