مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے علیم خان کی گرفتاری پر بڑا دعویٰ کر ڈالا

ساہیوال واقعے کے بعد علیم خان کو وزارت اعلیٰ ملنے کا امکان تھا تاہم علیم خان کو راستے سے ہٹانے کے لیے گرفتار کروا دیا گیا،رانا ثنا اللہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 6 فروری 2019 23:52

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے علیم خان کی گرفتاری پر بڑا دعویٰ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 فروری2019ء) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ساہیوال واقعے کے بعد علیم خان کو وزارت اعلیٰ ملنے کا امکان تھا تاہم علیم خان کو راستے سے ہٹانے کے لیے گرفتار کروا دیا گیا تفصیلات کے مطابق علیم خان کو آج صبح نیب نے گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنی وزارت سے استعفیٰ پیش کر دیا۔

ایک جانب تحریک انصاف نے علیم خان کی گرفتاری پر کسی بھی قسم کی سیاست نہ کرنے کا اعلان کیا ہے تو دوسری جانب پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن علیم خان کی گرفتاری کو پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی خلفشار کا نتیجہ قرار دے رہی ہیں۔ایک جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے علیم خان کی گرفتاری کو پی ٹی آئی کا اندرونی خلفشار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب میں یہ تو دم خم نہیں کہ مالم جبہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کریں کیونکہ ان کے اصل بینیفیشری عمران کان ہیں اور نہ ہی علیمہ خان کے خلاف تحقیقات کرنے کا حوصلہ ہے۔

(جاری ہے)

جس نے چندہ چوری کرکے بیرون ملک جائیدادیں خریدیں۔ سعید غنی نے کہا کہ جہانگیر ترین کے خلاف تحقیقات کیوں نہیں ہوتیں۔ پرویز خٹک، فیصل واوڈا، زلفی بخاری، فہمیدہ مرزا اور کے پی کے کے وزرائ کیسے محفوظ ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ کرپشن کیسوں کی اگر واقعی غیرجانبدارانہ تحقیقات ہوئیں تو آدھی پی ٹی آئی جیل میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی کی کرسی عثمان بزدارکے لئے محفوظ رکھنے کے لئے علیم خان کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔

اسی قسم کی بات مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے بھی کی ہے۔رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ساہیوال واقعے کے بعد علیم خان کو وزارت اعلیٰ ملنے کا امکان تھا اور علیم خان کے ساتھ ساتھ چوہدری پرویز الہیٰ کو بھی وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کی بات چل رہی تھی تاہم علیم خان کو راستے سے ہٹانے کے لیے گرفتار کروا دیا گیا۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نیب کے قانون کا پہلے بھی غلط استعمال ہوا اور اب بھی غلط استعمال ہوا ہے۔علیم خان کی گرفتاری علیم خان کے ساتھ بھی زیادتی ہے۔