Live Updates

حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ،سلیکٹڈ وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم کوئی تبدیلی نہیں لاسکی،بیگم سیماجیلانی

عوام کومرغیوں کافارمولہ دیکر باجی علیمہ خان سلائی مشینوں سے ارب پتی بن گئیں، مسلم لیگی رہنما

منگل 12 فروری 2019 20:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) راولپنڈی کی سنیئر رہنماو رکن قومی اسمبلی بیگم سیماجیلانی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت اپنے ابتدائی چھ ماہ میں ہی تجربہ کاری کی وجہ سے مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے،گذشتہ6ماہ کے دوران ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والاشخص متاثر ہوا ہے اور بے شک عوام نے اس تبدیلی کیلئے ووٹ نہیں دیاتھا کہ ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوجائیں،ایک نااہل حکومت کو ملک پر مسلط کرنے والے بدترحالات کے ذمہ دار ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ گذشتہ الیکشن میں جو کھیل کھیلاگیا وہ پوری قوم کے سامنے ہے جس کے نتیجے میں ایک مخصوص شخص کو22کروڑ عوام پر سلط کردیاگیا،مسلط وزیراعظم آج تک اپوزیشن کے خول سے باہر نہیں نکلے اوراحتساب کا وہی گھساپٹا نعرہ آج بھی لگایاجارہاہے جو اب انتقام کی صورت اختیارکرگیاہے،تمام کرپٹ مافیاسیاسی جماعتوں سے نکال کر تحریک انصاف کی زینت بنالیاگیاجبکہ سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایاجارہاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عوام کو پانچ مرغیوں کا فارمولا دے کر "باجی علیمہ" خود سلائی مشینوں سے ارب پتی بن گئیں لیکن احتسابی ادارے صرف جرمانوں پر اکتفاکئے بیٹھے ہیں،علیمہ خان کی بے نامی جائیدادوں کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے۔مسلم لیگی رہنما بیگم سیماجیلانی نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت چھ ماہ کے دوران اس سلسلہ میں حکمت عملی طے نہ کرسکی،سلیکٹڈوزیراعظم اورا ُن کی معاشی ٹیم ناتجربہ کار ہے عوام کی بہتری کیلئے کوئی تبدیلی نہیں لاسکی،ملکی معیشت تباہ،ہرشعبہ بربادہوچکاہے،مہنگائی، بے روزگاری اور غیریقینی نے لوگوں کا جینا اجیرن کررکھاہے،ایک نااہل حکومت کو ملک پر مسلط کرنے والے بدترحالات کے ذمہ دار ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان آئی ایم ایف کے پاس کیالینے گئے تھے،دوسروں پرلعن طعن کرنے والے خود آئی ایم ایف کی سربراہ کے سامنے سرجھکاکر بیٹھ گئے،عمران خان نے توکہاتھاکہ خودکشی کرلونگا مگر قرض نہیں لوںگاتو اب کیا لینے گئے تھے،6ماہ تک معیشت سے کھلواڑ کرنے کے بعدآئی ایم ایف کے پاس جاناتھا تو یہ فیصلہ پہلے کیوں نہ کیا ۔رکن قومی اسمبلی بیگم سیماجیلانی نے مزیدکہاکہ قائد میاں نوازشریف کی صحت پر سیاست کرنے والوں کو شرم آنی چاہئیے ،عمران خان اتنی زیادتیاں کریںجتنی وہ کل برداشت کرسکیں،مرحومہ کلثوم نواز کی بیماری پر بھی سیاست کی گئی، میاں نوازشریف کے خلاف این آر او کی باتیں کرنے والے اپنی حکومت کی کارکردگی چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نیب اور حکومت کاگٹھ جوڑ پوری قوم کے سامنے ہے،ہم کسی سے ڈیل چاہتے ہیں اور نہ ڈیل کریں گے،ماضی میں بھی اپوزیشن میں رہ کر عوام کے مسائل حل کروائے ہیں اب بھی قوم کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے آوازبلندکریں گے،اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان عوا م کے ووٹوں سے وزیراعظم نہیں بنے وہ ایک سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات