سعودی عرب پاکستانی حاجیوں کو ای ویزا کی سہولت فراہم کرئے گا

ڈالر کے حساب سے ہمارا حج دیگر ممالک سے سستا ہے. وزیرمذہبی امور

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 فروری 2019 13:42

سعودی عرب پاکستانی حاجیوں کو ای ویزا کی سہولت فراہم کرئے گا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 فروری۔2019ء) سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان کو ای ویزہ کی سہولت دینے کا عند یہ دیا ہے جس سے پاکستانی عازمین حج کو ویزہ انٹرنیٹ سے آن لائن دیا جاسکے گا‘ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے اس بات کی تصدیق اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کی تھی کہ حکومت عازمین حج کو ای ویزہ کی فراہمی کا بندوست کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ڈالر کے حساب سے ہمارا حج دیگر ممالک سے سستا ہے.

حج کے اخراجات میں اضافے کی وضاحت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی اس کی بڑی وجہ ہے اور یہ کہ سعودی عرب نے بعض ٹیکسز عائد کیے ہیں اور ٹرین سروس کے ٹکٹس بھی مہنگے کیے ہیں‘حجاج کی رہائش گاہیں بھی کچھ مہنگی ہو ئی ہیں جبکہ ہوائی جہاز کے ٹکٹس مہنگے ہونے کی وجہ سے بھی حج پیکیج میں اضافہ ہوا. وفاقی وزیر کے مطابق مکہ 23 سو ریال اور مدینہ میں 900 ریال میں رہائش گاہیں ہوں گی اس وجہ سے 76 ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

تمام اخراجات ملاکر 1 لاکھ 57 ہزار اضافہ ہوجاتا ہے.

دوسری جانب 42 ہزار 426 فی حاجی سبسڈی گزشتہ حکومت نے دی ہم اس کلچر کو ختم کررہے ہیں‘انہوں نے کہا کہ ڈالرز کے حساب سے ہمارا حج پیکج بھارت، بنگلہ دیش، ایران، ملائیشیا سے بھی کم ہے. وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہ سلمان دورہ پاکستان کے موقع پر ان سے پاکستان کے حج کوٹہ میں اضافے کی بات بھی کریں گے. انہوں نے کہا کہ ہم نے بہتر سے بہتر حج کے لیے انتظامات کر رہے ہیں اور سعودی حکومت نے ہمیں بہترین انتظامات کی یقین دہانی بھی کروائی ہے.

انہوں نے بتایا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبہ کا سعودی حکومت کیساتھ معاہدہ ہوگیا ہے. سعودی حکومت نے اس سال پاکستان کو روڈ ٹو مکہ منصوبے میں شامل کرلیا ہے. لاہور اور کراچی سے روڈ ٹو مکہ منصوبے کا آغازہوگا‘ وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ پی آئی اے، سعودی ایئرلائن اور ایئر بلیو حج آپریشن میں حصہ لیں گی.