Live Updates

نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں خاندان کے افراد ،مرکزی رہنمائوں کی ملاقاتیں

ملاقاتوں میں سابق وزیر اعظم سے صحت بارے دریافت کیاگیا ،ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا بارش کے باوجود کارکن اظہار یکجہتی کیلئے جیل کے باہر جمع رہے ،شریف خاندان کے افراد کی آمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، حق میں نعرے

جمعرات 14 فروری 2019 17:51

نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں خاندان کے افراد ،مرکزی رہنمائوں کی ملاقاتیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) شریف خاندان کے افراد ،قریبی رشتہ داروں اورپارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقاتیں کیں، تمام افراد نواز شریف سے ان کی صحت بارے استفسار کرتے رہے ،رہنمائوں نے نواز شریف سے ملک کی مجموعی صورتحال اورقانونی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزر یر اعظم محمد نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ان کی والدہ بیگم شمیم اختر ،بیٹی مریم نواز ،داماد کیپٹن (ر) محمد صفدرسمیت خاندان کے دیگر افراد ،قریبی رشتہ داروں ،پارٹی رہنمائوں پرویز رشید ، سینیٹر مشاہد اللہ خان ،امیر مقام ،طلال چوہدری ،خرم دستگیر ،پیر صابر شاہ ،سردار ایاز صادق سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں ،مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور سینیٹر حافظ عبدالکریم نے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اہل خانہ دوپہر کا کھانا ہمراہ لائے جو نواز شریف کے ساتھ اکٹھے بیٹھ کر کھایا ۔ ملاقات کرنے والے تمام افراد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پوچھتے رہے اوران کی صحتیابی اور درازی عمر کی دعائیں دیتے رہے ۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نواز شریف نے مریم نواز اور پارٹی کے مرکزی رہنمائوں سے ہونے والی ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو کی ۔

بارش کے باوجود نواز شریف اور شریف خاندان کے افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے کارکن جیل کے باہر پہنچے جو وقفے وقفے سے اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ شریف خاندان کے افراد کی آمد پر کارکنوںنے ان کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور حق میں نعرے لگائے ۔لیگی کارکنان نے شیخ رشید کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے وفاقی وزیر کی تصویر بھی نذر آتش کی ۔اس موقع پر کوٹ لکھپت جیل کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات