وفاق نے سعودی عرب کے ساتھ معاہدوں میں بلوچستان حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا تو کوئی معاہدہ قابل قبول نہ ہوگا، انجینئر زمرک خان اچکزئی

بلوچستان کے مفادات پر موجودہ حکومت کوئی سودے بازی نہیں کرے گی،وفاقی حکومت ایسے معاملات کو نا چھیڑے جس سے حالات خراب ہوں،صوبائی وزیرزراعت

جمعرات 14 فروری 2019 19:28

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء رکن صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اگر وفاقی حکومت نے سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے معاہدوں میں بلوچستان حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا تو حکومت کی غیر موجودگی میں کوئی معاہدہ قابل قبول نہ ہوگا بلوچستان کے مفادات پر موجودہ حکومت کوئی سودے بازی نہیں کرے گی کالا باغ ڈیم کا منصوبہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو گیا وفاقی حکومت ایسے معاملات کو نا چھیڑے جس سے حالات خراب ہوں لاڑکانہ میں تین پشتون مزدوروں کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان کے حقوق پر ہر صورت بات کرے گی کابینہ میں سی پیک اور ریکو ڈیک پر بات چیت ہوئی ہے وفاقی حکومت پر واضح کر دیا کہ بلوچستان حکومت صوبے کے حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں کرے گی سی پیک منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے مغربی روٹ کو ترجیحی بنیادوں پر لیا جائے گوادر میں سی پیک منصوبوں صرف گوادر کو نہیں بلکہ بلوچستان کے دیگر علاقوں کو بھی فائدہ پہنچایا جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم کسی بھی منصوبے یا معاہدے کے حق میں نہیں ہوںگے وفاقی حکومت سے بلوچستان کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ ہم تشدد پر یقین نہیں رکھتے عدم تشدد اور عوام کے حقوق سے مسائل کو حل کریں گے انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد بلوچستان حکومت کو صوبے سے متعلق ہونے والے معاہدوں پر اعتماد میں نہیں لیا گیا تو ایسے کسی بھی معاہدے کو قبول نہیں کریں گے وفاقی وزیر کی کالا باغ ڈیم سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہیں کالا باغ ڈیم مردہ گھوڑا بن چکا ہے اسے زندہ کوئی نہیں کر سکتا وفاقی حکومت ڈرامہ بازی بند کرے انہوں نے کہا گذشتہ روز لاڑکانہ میں تین پشتون مزدوروں کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہیں اور سندھ حکومت واقع میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتارکرے