مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالا ہر قتل کشمیر کے لوگوں او ر حریت قیادت کیلئے باعث افسوس ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ

ہفتہ 16 فروری 2019 14:59

مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالا ہر قتل کشمیر کے لوگوں او ر حریت قیادت کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے لیتھ پورہ میں پیش آنے والے واقعے جس میں بھارتی پیرا ملٹری کے 49 اہلکار ہلاک ہو گئے ، پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں ہونے والا ہر قتل کشمیر کے لوگوں اور حریت قیادت کیلئے باعث افسوس ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا ایک اجلاس کنوینر سید عبداللہ گیلانی کی صدارت میں اسلام آباد میں حریت دفتر پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں حریت رہنمائوں نے کہاکہ کشمیرکے لوگ روز اپنے پیاروں کا قتل دیکھتے ہیں اور انکے جنازوں کو کندھا دیتے ہیں لہذا وہ قتل ہونے والے کسی بھی شخص کے اہلخانہ، عزو اقرباء اور دوستوں کے دکھ درد کو بخوبی سمجھ اور جان سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل میں تاخیر اور کشمیریوں کے احساسات و جذ بات کو خاطر میں نہ لانے کے عمل نے مقبوضہ علاقے میں حالات کو ابتر کر دیا ہے اور جو لو گ فوجی طاقت کی اس پالیسی کو آگے بڑھا رہے ہیں انہیں بھی اپنی جانوں کے ذریعے اس کی قیمت ادا کرنا پڑھ رہی ہے۔ مشترکہ حریت قیادت نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کشمیریوں پر گولیوں اور پیلٹس کا بے دریغ استعمال کرتا ہے، گھروں کو گولہ باری اور بارود سے اڑا رہا ہے ، لوگوں کو بصارت سے محروم اور معذورکر رہا ہے اور بے گناہ لوگوں پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں قید اور عقوبت خانوں میں تشدد کا نشانہ بناتا ہے ۔

انہوں نے کہ بھارت اپنے اس جابرانہ اور ظالمانہ طرز عمل سے کشمیریوں کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکتا البتہ اس سے مقبوضہ علاقے میں صورتحال مزید ابتر ہو چکی ہے۔حریت رہنمائوں نے لیتھ پورہ واقعے کی آڑ میں ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے جموں میں مسلمانوں پر حملوں اور انکی گاڑیوں اور دیگر املاک کی نذر آتش کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت کو خبر دار کیا کہ وہ جموں کے مسلمانوں کی نسل کشی سے باز رہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے۔