سکول ٹیچر کے این آئی اے کی حراست میں قتل کے خلاف اونتی پورہ میں مکمل ہڑتال

منگل 19 مارچ 2019 16:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی حراست میں ایک سکول ٹیچر کے قتل کیخلاف منگل کوجنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ کا رہائشی رضوان اسد کو پیر اور منگل کی درمیانی شب سرینگر میں این آئی اے کی حراست کے دوران تشدد کر کے شہید کردیاگیا تھا ۔

(جاری ہے)

علاقے میں تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے اور سڑکوںپر ٹریفک معطل رہی ۔ادھر جیسے ہی اونتی پورہ میں رضوان کے قتل کی خبر پہنچی ہزاروں کی تعداد میں لوگ شہید نوجوان کے گھر کے باہر جمع ہو گئے ۔ قابض انتظامیہ نے رضوان کی شہادت کے بعد علاقے میں موبائیل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ہیں۔رضوان اسد ایک پرائیویٹ سکول میں پڑھاتا تھا اور اسے این آئی اے نے تین روز قبل ایک جعلی مقدمے میں گرفتار کیاتھا۔