Live Updates

کینیڈا میں ڈیم کیلئے چندہ مہم کے دوران محبت وطن ایک بچی نے اپنی بالیاں سینیٹر فیصل جاوید کے حوالے کر دیں

آئی ایم پاکستان کے سربراہ احمد سیّد نے بالیوں کی قیمت ادا کر دی، سینیٹر فیصل جاوید نے بالیاں بچی کو واپس کیں شوکت خانم کی طرح ڈیم بھی بنے گا اور پاکستان پانی و بجلی میں خود کفیل ہو گا، سینیٹر فیصل جاوید کا تقریب سے خطاب

منگل 26 مارچ 2019 23:22

کینیڈا میں ڈیم کیلئے چندہ مہم کے دوران محبت وطن ایک بچی نے اپنی بالیاں ..
ٹور نٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) کینیڈا میں ڈیم کیلئے چندہ مہم کے دوران محبت وطن ایک بچی نے اپنی بالیاں سینیٹر فیصل جاوید کے حوالے کر دیں جس کے بعد آئی ایم پاکستان کے سربراہ احمد سیّد نے بالیوں کی قیمت ادا کر دی، سینیٹر فیصل جاوید نے بالیاں بچی کو واپس کیں۔ منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق وینکوور میں تقریب کے دوران ایک بچی نے کہا کہ میرا زیور بیچ کر رقم ڈیم کی تعمیر میں لگائی جائے۔

اس موقع پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چئیرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ آپ کا جذبہ ہمارا سرمایہ ہے، آپ اپنی صلاحیتوں سے وطن کی تعمیر میں حصہ لیجئے گا، آپ کا جذبہ ایثار مثالی اور پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے، جس قوم کے پاس آپ جیسے نونہال موجود ہوں اسے کوئی مات نہیں دے سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال کی تعمیر میں بھی ہمارے طلباء و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، شوکت خانم کی طرح ڈیم بھی بنے گا اور پاکستان پانی و بجلی میں خود کفیل ہو گا۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور دیگر پارٹی کارکنان کی شرکت قابل تحسین ہے، ہم یہاں کسی سیاسی جماعت سے تعلق سے بالاتر ہو کر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کا سنگین بحران ہے، اس کے حل کیلئے بڑے ڈیمز بنانا ضروری ہے، پانچ سے 9 سال کے عرصہ میں دیامیر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر مکمل ہو گی۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان سالانہ 22 ارب ڈالر کا پانی ضائع کر دیتا ہے کیونکہ ہمارے پاس پانی ذخیرہ کرنے کے ڈیم نہیں، ڈیم بننا بہت ضروری ہیں اس سے سستی بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایک حوصلہ مند قوم ہے، بیرون ملک پاکستانی ملک کیلئے زیادہ درد رکھتے ہیں، شوکت خانم میموریل ہسپتال بھی بیرون ملک پاکستانی چلا رہے ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ ڈیم فنڈ میں روزانہ ساڑھے 5 کروڑ روپے آ رہے ہیں، پاکستانی دنیا میں سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں کیونکہ جن کو چیئرٹی د یتے ہیں ان پر اعتبار کرتے ہیں لیکن پاکستانی سب سے کم ٹیکس دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نہ دینے کی وجہ ماضی کی حکومتوں پر بے اعتباری ہے، دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کیلئے حکومت نے مالی حکمت عملی تیار کر لی ہے، پانچ سے 9 سال کے عرصہ میں دونوں ڈیم تیار ہو جائیں گے، وزیراعظم عمران خان اللہ کے فضل سے ناممکن کو ممکن بنانا جانتے ہیں۔ تقریب میں اظہار خیال کر تے ہوئے سکھ رہنما غوثل سنگھ نے کہا کہ مجھے جب کہا گیا کہ عمران خان کے نام کی تقریب ہے تو میں نے دل کھول کر مدد کی، عمران خان پاکستان سمیت دنیا بھر کی شان ہے، عمران خان کو مزید 10 سال کیلئے پاکستان کا وزیراعظم دیکھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کیلئے ایسی ہرتقریب میں ہر سال عطیات دوں گا۔ سکھ رہنما نے ڈیم فنڈ کیلئے 10 ہزار ڈالر کا عطیہ بھی دیا۔ وینکوور میں تقریب کے دوران ڈیم فنڈز کیلئے 3 لاکھ ڈالرز جمع ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان کے دستخط شدہ بلے 26000 ڈالرز میں نیلام ہوئے۔ عاصم علی اور محمد یحییٰ نے بلے خریدے۔ اس مہم کے دوران کینیڈا کے مختلف شہروں سے اب تک اڑھائی ملین ڈالرز جمع ہوئے ہیں۔ اس حوالہ سے وینکوور سے پہلے مونٹریول، ٹورنٹو، اوٹاوہ، ایڈمنٹن اور کیلیگری میں بھی تقاریب منعقد کی گئیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات